کابل، خیبر ریسٹورنٹ، ۱۹۶۶ء۔ تصویر: Wilford Peloquin، CC BY 2.0۔
کابل، خیبر ریسٹورنٹ، ۱۹۶۶ء۔ تصویر: Wilford Peloquin، CC BY 2.0۔

ہمارے ہاں ایک عمومی رویہ ہے کہ ہم خواہش پہلے پیدا کرتے ہیں اور پھر دنیا کی ہر چیز کے متعلق رائے اسی خواہش کے زیرِ اثر قائم کرتے ہیں۔ چنانچہ اگر کوئی اسلام کا نام لے تو ہم اس میں خلیفہ اور ایوبی وغیرہ تلاش کر ہی لیتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ معاملہ تحریکِ طالبان کا ہے۔

طالبان کیسے قائم ہوئے، اصولی طور پر ان کی سوچ کیا ہے، اور وہ کس قسم کا نظام چاہتے ہیں، اس کے علی الرغم جو populist notion ان کے متعلق اسلامی حلقوں میں امریکی جارحیت کے ردِ عمل کی وجہ سے پیدا ہو گیا ہے، اس میں ہی ہم جی رہے ہیں۔ ہمارے ہاں کچھ مفروضے تو ایسے پختہ ہیں کہ اگر ان کے خلاف حقائق پیش کیے جائیں تو لوگ آپ کے ہی مخالف ہو جاتے ہیں۔

مثلاً ایک مفروضہ یہ ہے کہ طالبان islamist ہیں، بمعنی کہ اخوان یا جماعتِ اسلامی کی فکر سے منسلک ہیں۔ مگر حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ وہ مولانا مودودی کے شدید مخالف رہے ہیں، اخوان اور سید قطب کی کتب نظرِ آتش کرتے رہے ہیں، اور برملا اپنے لوگوں کو نکیر سے آگاہ کرتے رہے ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ماضی کے شمالی اتحاد میں شامل برہان الدین ربانی دراصل وہ پہلے فرد ہیں افغانستان میں جنہوں نے سید قطب کی کتب کا ترجمہ کیا، ان کے افکار سے متاثر، اور اولین شاگردوں میں احمد شاہ مسعود اور گلبدین حکمتیار تھے۔ حکمتیار نے جو تحقیق اور تالیف کا کام کیا ہے، اس کا عشرِ عشیر بھی طالبان کے کسی لیڈر کی سوچ میں کبھی نہیں آ سکتا۔

افغان معاشرے کی اپنی حرکیات ہیں۔ وہ سب کے سب اسلام پسند ہیں، سوائے چند سو کمیونسٹوں کو چھوڑ کر۔ افغانستان کا آئین اور معاشرہ پاکستان سے کہیں زیادہ اسلامی اور اسلام پسند ہے۔ اور اس میں اگر آپ طالبان کو سمجھنا چاہتے ہیں تو قبائلی علاقوں میں قائم کسی مدرسے کے مہتمم سے مل لیں، یا دارالعلوم اکوڑہ خٹک کے فارغ التحصیل دیکھ لیں۔ یہ بھی نائن الیون کے بیس سال بعد کا ارتقا ہے، ورنہ پہلے کی حالت اس سے بھی ابتر تھی۔

ملا عمر کو ایک زمانے میں ہم بھی امیر المومنین کہتے اور سمجھتے رہے ہیں۔ اور ہم اس دور سے خود گزرے ہیں، اور اس عمر میں گزرے ہیں جب اس عمر کے ہر ذہین یا دماغ والے فرد کو تلاش کر کے اسے اپنی صفوں میں کھینچا جاتا تھا۔ مگر عقل کسی کی جاگیر نہیں، اس لیے جلد اس جذباتی وجود سے چھٹکارا مل گیا، اور سمجھ آئی کہ ملا عمر کیا تھے اور کیا بنا دیے گئے۔

بہرحال، میں ذاتی طور پر طالبان کے فنامنا کو چار ادوار میں تقسیم کرتا ہوں۔

پہلا دور

یہ ۱۹۹۴ کے موسمِ سرما سے ۱۹۹۶ کے موسمِ بہار تک کا ہے، جب پاکستان نے ان کی حکومت کو تسلیم کر لیا تھا۔ بنیادی طور پر یہ دیوبندی مدارس کے علما کی تحریک تھی جو اس وقت جاری خانہ جنگی میں بحیثیتِ ایک فریق سامنے آئی۔ انہوں نے اس دور میں خروج کا راستہ اختیار کیا، اور ایک باقاعدہ حکومت کے خلاف بغاوت کی۔ چونکہ افغانستان میں باقی دنیا کی طرح باقاعدہ ریاست اور اس کی فوج کا وجود نہیں جو باغی گروہوں کی سرکوبی کر سکتی، اس لیے یہ باغی گروہ خروج کے راستے سے حکومت بنانے میں کامیاب رہا۔

ان کا مؤقف ایک مفروضہ تھا کہ ان کی تعلیم کا مقصد اسلامی نظام لانا ہے، اور اس لیے حکومت ضروری ہے۔ چونکہ اس وقت باقی گروہ بھی ریاست کے باغی تھے، اور طالبان کے علاقوں میں ان کی نسبت امن تھا، اس لیے انہیں عوامی پذیرائی نسبتاً زیادہ ملی۔ ورنہ جیسے باقی باغی گروہوں کی پشت پر عالمی طاقتیں تھیں، اسی طرح طالبان کو ریاست دلوانے اور منوانے میں پاکستان کا براہِ راست دخل تھا۔

شرعی لحاظ سے مگر یہ باغی گروہ تھا جس نے خروج کے ذریعے سے اقتدار حاصل کیا، ورنہ اس وقت کرنے کا کام ریاست کے باغیوں کا قلع قمع، اور مسلمانوں کے گروہوں میں صلح تھا۔ اس وجہ سے میں قانونی اور دینی نقطۂ نظر سے طالبان کی سوچ، طریقۂ کار اور عمل کا اصولی طور پر مخالف ہوں، کہ ایسے ہم اقتدار کو طاقت سے مشروط کرتے ہیں، اور نتیجے میں مسلم معاشرے انارکی اور فاشسٹ پسند بنتے ہیں۔

دوسرا دور

یہ ۱۹۹۶ سے ۲۰۰۱ تک کا دور ہے۔ اس میں طالبان نے ایک نظامِ عدل، نظامِ الزکوٰۃ اور نظامِ الصلوٰۃ قائم کر لیا تھا، اور ایک ریاستی شوریٰ بھی تشکیل دے دی تھی۔ ان کی حکومت، بنام «امارتِ اسلامیہ افغانستان»، کو مسلم دنیا کے تین ممالک، پاکستان، متحدہ عرب امارات، اور سعودیہ عرب نے ہی تسلیم کیا تھا، اور باقی عالمی برادری بشمول اقوامِ متحدہ نے ان کی مخالف حکومت «دولتِ اسلامی افغانستان» کو تسلیم کیا تھا، اور وہی اقوامِ متحدہ میں افغانستان کی نمائندہ تھی۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ دولتِ اسلامی کے پیشِ نظر بھی اسلامی نظام تھا۔ ان کا موٹو «لا إله إلا الله محمد رسول الله» تھا، اور قومی ترانہ «قلعہ اسلام، قلبِ آسیا» تھا، یعنی اسلام کا قلعہ، ایشیا کا دل۔ طالبان کی حکومت آنے کے بعد اس دولتِ اسلامی کے سربراہ استاد برہان الدین ربانی وغیرہ شمال کی طرف منتقل ہو گئے، جہاں افغانستان کا تقریباً دس سے پندرہ فیصد علاقہ ازبک جنبشِ اسلامی، ہزارہ شیعہ حزبِ وحدت، اور moderate اسلامی احمد شاہ مسعود شہید کی جمعیتِ اسلامی کے کنٹرول میں تھا۔

چنانچہ اصلاً اس دور میں کرنے کا کام شراکتِ اقتدار، اور ان حکومتوں اور گروہوں میں صلح کروانے کا تھا، نہ کہ کسی ایک کی طرفداری کر کے بزور حکومت کروانا۔ یہ اسلامی قانون کے رو سے، اور اخلاقیات کی رو سے، وہ غلط حرکت اور طریقہ ہے جس سے نیشن سٹیٹس وقتی کام چلانے کے لیے عفریت، Frankenstein، بناتی ہیں، جو بعد میں انہی کے لیے دردِ سر بن جاتے ہیں۔ یہ افغانستان کی تاریخ سے الگ سمت میں تزویراتی گہرائی کے لیے سفر کرنے کا، پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ کا وہ ذہنی فتور تھا جس نے صدی کے بہترین چار عشرے ضائع کیے، کہ جس وقت درویش صفت اور دور اندیش رہنما، جیسا کہ قاضی حسین احمد صاحب مرحوم وغیرہ، مجاہدین کے دھڑوں میں صلح کروانے کے لیے کوشاں تھے، اور بہت حد تک کامیابی مل رہی تھی۔ مگر عالمی برادری اور اسلامی تحریکوں کی ان کوششوں کو طالبان اور ریاستِ پاکستان، بشمول اس وقت کے وزیرِ اعظم نواز شریف، نے طاقت کے گھمنڈ میں کسی قابل نہ سمجھا، اور افغانستان اور پاکستان کی سیاسی قیادت کو dictate کیا۔

طالبان کی داخلی کمزوریوں اور شرعی پوزیشن کے نقص سے فائدہ اٹھا کر القاعدہ جیسی شدت پسند اور ناقص الفہم تحریکوں نے افغانستان کو اپنا گڑھ بنایا، اور یہاں سے انقلاب اور اسلامی خلافتوں کے بے سروپا خواب دیکھے اور دکھائے۔ اس بیوقوفی کے نتائج سے جنہوں نے آگاہ کیا، یا بند باندھنے کی کوشش کی، جیسے شیخ عبداللہ عزام وغیرہ، انہیں شہید کروا دیا گیا، اور عالمی سطح پر امریکہ اور مغربی طاقتوں سے مفروضوں پر مبنی چھیڑخانی شروع کی گئی۔ ریاستِ پاکستان سمجھتی رہی ہے کہ سب ہمارے کنٹرول میں ہے، یہاں تک کہ امریکہ کی کال آ گئی۔

باقی کچھ یار لوگ طالبان کے اس دور کے امن اور ترقی کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں، اور باقی مخالفین انہیں مکمل اجڈ گنوار ملا باور کرواتے ہیں۔ یہ بہت سطحی اپروچ ہے۔ افغانستان کے زمینی حقائق کے اعتبار سے ان کی حکومت بہت سی ماضی کی حکومتوں سے زیادہ عوام دوست تھی۔ مگر اس کے ساتھ ہی دولتِ اسلامی کی حکومت بھی کوئی بہت بدحال اور نکمی نہیں تھی۔ مثلاً طالبان کی پوست کی کاشت ختم کرنے کو بھی بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، جبکہ یہ طالبان کی آمدن کا بڑا حصہ تھا، اور ان کی حکومت کے بعد بھی ان کے لیڈرز اس کی سمگلنگ میں حصہ دار رہے، اور لاکھوں ڈالرز کے اس کاروبار سے متمول ہوئے تھے اور ہیں۔ حقیقت یہ تھی کہ ۲۰۰۰ کی بمپر فصل کے بعد قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور سٹاک کو نکالنے کے لیے پوست پر پابندی عائد کی گئی، اور امریکہ کے آنے سے کچھ عرصہ پہلے بہت سے مقامی کاشت کاروں کو دوبارہ اجازت دے دی گئی تھی۔

طالبان کے اس دور کا، نہ میں مخالف ہوں نہ حامی۔ یہ خانہ جنگی، طوائف الملوکی اور فتنے کا دور تھا، جس میں شریعت کا حکم متحارب گروہوں میں صلح کروانے کا ہے، نہ کہ کسی ایک فریق کی طرفداری کا۔

رسول اللہ ﷺ کی ایک حدیث جو حضرت ثوبانؓ سے مروی ہے، اس میں صراحت ہے کہ مسلمانوں پر اپنے افراد کے علاوہ کوئی گروہ مسلط نہیں کیا جائے گا جو مسلمانوں کے مال و اسباب کو مباح سمجھ لے، اگرچہ کفر کی ساری طاقتیں اکٹھی ہو کر مسلمانوں کے مقابلے کے لیے جمع کیوں نہ ہو جائیں، ہاں البتہ مسلمان آپس میں ایک دوسرے کو ہلاک کرتے رہیں گے، اور ایک دوسرے کو قیدی بناتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1417151587546509316

اجازت

مصنف: Munim, A.

ربط: https://abdulmun.im/ur/posts/taliban-ke-char-adwar/

اجازت: CC BY-NC-SA 4.0

This work is licensed under a Creative Commons Attribution-NonCommercial-ShareAlike 4.0 International License. Please attribute the source, use non-commercially, and maintain the same license.