نکاح نامے پر دستخط۔ تصویر: CC BY-SA 2.0۔
نکاح نامے پر دستخط۔ تصویر: CC BY-SA 2.0۔

کچھ شادی اور عقدِ نکاح پر۔

استعمار اور افرنگ سے مقابلہ کرتے کرتے ہمارے ہاں ردِ عمل کی نفسیات سماجی سطح پر سرایت کر چکی ہیں۔ تقریباً اڑھائی صدیوں کے اس phenomenon نے ہم سے تعمیر، حسنِ ظن اور فکری آزادی چھین کر ہمیں چند بڑے دائروں میں محصور کر دیا ہے۔

ردِ عمل کی نفسیات کا ایک المیہ یہ ہوتا ہے کہ انسان دوسروں کی بنائی تعریف، strawman اور goalposts کو ہی own کرنے لگتا ہے۔ نتیجتاً ایک ایسی false equivalence جنم لیتی ہے جس سے اگر کوئی آگاہ بھی کرے تو وہ استعمار کا ساتھی سمجھا جاتا ہے، یا یہ بات ایسی اجنبی لگتی ہے کہ آگاہ کرنے والا ہی دقیانوس اور ازمنۂ قدیم کا گنوار نظر آتا ہے۔ اور اس سب کا بھیانک ترین رخ یہ ہے کہ جنہیں اپنی تہذیب کا دفاع کرنا ہے وہی استعمار کے مقدمے کو ثابت کرنے لگتے ہیں۔ یہ تو خیر ان لوگوں کی بات ہے جو کسی سطح پر استعمار سے مقابلے کے لیے کھڑے ہیں۔

ان کے برعکس وہ جو مغرب سے ذہنی طور پر شکست خوردہ اور سجدہ ریز ہیں، ان میں تو ایک طرح کمینگی، نادیدہ پن، اور حسرت جھلکتی ہے، چاہے بزعمِ خود کتنی ہی intellectual اور moral high ground لیے رکھیں۔

آم، اور کیڑا

اس کا ایک عام مظہر ہمارے ہاں تقابل کا طریقہ ہے۔ چنانچہ آپ کوئی بھی دلیل لے آئیں، یا اسلام کا کوئی بھی مقدمہ پیش کریں، تو یہ reductionist طریقے سے شتابی چھلانگ لگاتے ہیں، اور بزعمِ خود ایک خرابی گنوا کر اپنے تئیں پوری دلیل کا رد ثابت کر دیتے ہیں۔

چنانچہ ہوتا یہ ہے کہ آپ پھلوں میں آم کو پیش کریں تو کہیں گے کہ آم تو ایسا بھی ہوتا ہے جس میں کیڑے ہوتے ہیں، اس لیے سرے سے آم ہی ٹھیک نہیں، بلکہ پھل بھی ٹھیک نہیں، اور اصل خرابی کی جڑ تو درخت ہیں جن سے یہ آم پیدا ہوتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ یہ ایک مضحکہ خیز استدلال ہے، مگر اسے پیش اس اعتماد سے کیا جاتا ہے کہ اپنی تہذیب کا دفاع کرنے والے کیڑے کی افادیت اور عدمِ افادیت کو لے کر بیٹھ جاتے ہیں، بجائے اس کے کہ اس مرکب جہل کو آشکار کریں: نہ ہی ہمارا آم کیڑوں والا، نہ ہی تمام آم کیڑوں والے۔

اس hasty generalization، اور دیگ کے ایک دانے کو چکھ کر پوری دیگ پر فتویٰ لگانے والے، مزاج نے حال ہی میں ایک لاابالی، rhetorical، اور بچپنے سے تعبیر کے جا سکنے والے بیان کو ایک ایسے بیان کے طور پر پیش کیا ہے جو بہت علمی، مبنی بر بہادری اور دانشمندی ہے۔ یہاں تک کہ بیان دینے والوں نے واضح بھی کیا کہ اس بیان کا وہ مطلب نہیں جو کچھ «دانش گردوں» نے لے رکھا ہے۔

اور زیادہ مزیدار صورتحال یہ ہے کہ شادی اور سول پارٹنرشپ کی ایسی ایسی تعریفیں اور تواریخ سامنے آئی ہیں کہ لارڈ ہارڈوِک، جیرمی بینتھم، اور کلئیر چیمبرز کے دماغوں میں بھی کیا آئی ہوں گی۔

بہرحال اس تحریر کا مقصد شادی اور عقدِ نکاح پر کچھ گزارشات کرنا ہے، قطع نظر کہ ملالہ یوسفزئی کا مطمعِ نظر کیا تھا۔ کیونکہ ملالہ کی ذات کے لیے، اس کے تمام سابقوں لاحقوں کے بغیر، میں اپنے دل میں بہت ہمدردی محسوس کرتا ہوں۔ جن سانحات سے ملالہ کو واسطہ پڑا ہے، اس کے بعد بہت سی رعایت تو اخلاقیات کے تقاضے کے طور پر ہی دے دینی چاہیے۔ اور ابھی تو اس کا اپنا آپ، آزاد حیثیت میں ابھر کر سامنے آنا ہے۔ رب تعالیٰ اس میں سے بہت سا خیر برآمد کرے۔

میرا اس تحریر کا یہ مقصد بھی نہیں کہ اسے مشرق بمقابلہ مغرب، یا مغرب میں شادی اور پارٹنرشپ کی تاریخ اور فلسفے کے طور پر پیش کروں۔ یا اس حقیقت کو واضح کروں کہ پارٹنرشپ کے ضمن میں امریکی سپریم کورٹ، اور باقی دنیا کی عدالتوں میں، اور قانون کی مباحث میں، مغرب کے کس شادی کے تصور کو شکست دے کر ہم جنس پرست جوڑوں کے ازدواجی حقوق کے تحفظ کے لیے civil union اور partnership کی راہ ہموار کی گئی ہے۔

چنانچہ میں deontology یا utilitarianism پر کچھ کہنے کا ارادہ نہیں رکھتا، اور نہ ہی یہ دیکھانا چاہتا ہوں کہ کس قدر بودے شادی کے تصور کو شکست دے کر مغرب کے same-sex marriages کے علم برداروں نے فتح کا اعلان کیا ہے۔ ہاں یہ ضرور بتانا چاہتا ہوں کہ جیسے ہماری اشرافیہ مغرب کی ہر اصطلاح اور نظریے کو vulgarize کرنے میں یدِ طولیٰ رکھتی ہے، ویسے ہی پارٹنرشپ کے معاملے میں کرے گی۔ آپ لوگوں نے دیکھا ہو گا کہ کس طرح «میرا جسم میری مرضی» کے نعرے کو اس کے اصل سیاق سے ہٹا کر vulgarize کیا گیا، ویسے ہی اس وقت پارٹنرشپ کا معاملہ ہے کہ اشرافیہ کا اس کے سیاق سے مجبوراً اعلانِ لا تعلقی ہے، مگر نادیدے پن میں اس اصطلاح کے قبولِ عام کے لیے زمین آسمان کے قلابے بھی ملائے جا رہے ہیں۔

دونوں عقد ہیں

اصل مقصد اس تحریر کا دراصل شادی اور عقدِ نکاح پر اسلام کے نظریے کا ایک اجمالی تعارف ہے، تاکہ ذہنوں میں اگر کوئی شک ابھی یا کل کو پیدا ہو تو کم از کم اسلام کے شادی کے تصور، اور عقد یا contract کی عظیم الشان عمارت کی وسعت، ذہن میں رہے۔ ہاں، مگر اس سب سے مقصد اسلام کی حقانیت ثابت کرنا بھی نہیں۔ سو اگر کوئی شادی اور contract کے اشکالات کی وجہ سے اسلام، یا خدا، یا organized religion سے متنفر ہے تو اس گفتگو کا میدان شادی نہیں، بلکہ خود خدا کی ذات اور مذاہب ہیں۔ اور یہ میرا اس تحریر میں موضوع نہیں۔ اور جو متنفر ہے، یقیناً اس کا بھی اصل مسئلہ دوسرا ہے، شادی نہیں۔ یہ بات میں اس لیے کہہ رہا ہوں کہ کچھ شوقین لوگ عار شادی کی لے رہے ہیں، جبکہ ان کا اصل مسئلہ کچھ اور ہے جس پر بات کرنے کی ہمت نہیں پیدا کر پا رہے۔

سب سے پہلے جو بات سمجھ لینے کی ہے وہ یہ ہے کہ شادی ایک معاہدہ، یا عقد، یا contract، یا agreement ہے۔ چنانچہ شادی کا یہ status محض اسلام میں نہیں، بلکہ مغربی positive اور common law میں بھی ایسا ہی ہے۔ اس پر مزید بات آگے کرتے ہیں، مگر سردست ذرا partnership کو دیکھ لیں کیا ہے۔

پہلی بات تو یہ ہے کہ اصلاً پارٹنرشپ بھی ایک معاہدہ یا عقد ہے، اس کے سوا کچھ نہیں۔ مغرب میں اس کی تاریخ یہی ہے کہ civil union یا domestic union کو شادی کے معاہدے سے الگ رکھ کر کچھ وہ فوائد اور حقوق حاصل کرنا جو ملکی قانون صرف شادی شدہ جوڑوں کو دیتا ہے۔

سول پارٹنرشپ دراصل ہم جنس پرست جوڑوں کو ویسا قانونی تحفظ فراہم کرنا تھا جو کہ صرف شادی شدہ جوڑوں کو حاصل ہے، جیسے وراثت، ٹیکس یا محصولات کا تعین وغیرہ۔ تھا یہ بھی ایک ویسا ہی مکمل معاہدہ یا عقد جیسا کہ ایک شادی ہوتی ہے۔ یہ سب سے پہلے ڈنمارک میں ۱۹۸۹ء میں نافذ ہوا، اور اس کے بعد دنیا کے بہت سے ممالک اور ریاستوں میں اب نافذ ہے۔ اس کی تفصیل انٹرنیٹ پر عام موجود ہے، جس میں جانے کا یہ موقع نہیں۔

Domestic union زیادہ تر امریکی ریاستوں کی بیچ کی راہ تھی، جو سول یونین کے نہ ہوتے نکالی گئی تھی۔ اس میں شادی میں موجود حقوق سے کچھ کم حقوق زوجین کو میسر ہوتے ہیں۔ ہوتا یہ بھی ایک مکمل شادی کی مانند معاہدہ یا عقد ہے، جس میں وہ تمام ضروری لوازم ہوتے ہیں جن سے ایک عقد تشکیل پاتا ہے۔ جن دو کے درمیان یہ عقد ہوتا ہے، ان کا ویسے ہی ایک دوسرے کے ساتھ حقوق و فرائض کا رشتہ ہوتا ہے جیسے شادی شدہ جوڑے کا۔ ویسے ہی یہ معاہدہ یا عقد نافذ ہوتا ہے جیسے شادی، اور ویسے ہی منسوخ ہوتا ہے جیسے ایک شادی، یا کوئی بھی اور عقد یا معاہدہ۔

یہ حقیقت واضح ہو جانے کے بعد، اب بتائیں کیا یہ مضحکہ خیز حد تک لایعنی بات نہیں کہ شادی اور پارٹنرشپ کو پاکستان، یا مسلمان، کے تناظر میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل یا متبادل کے طور پر پیش کیا جائے؟

؏ ناطقہ سر بہ گریباں کہ اسے کیا کہیے

اب بھی اگر کوئی زمین آسمان کے قلابے ملا کر یہ ثابت کرنا چاہے کہ عقدِ نکاح یا شادی، اور پارٹنرشپ، دونوں عقد سے الگ کچھ ہیں، یا آپس میں عقود کے علاوہ کوئی نسبت رکھتے ہیں، تو وہ ایک منطقی مغالطے کا شکار ہے جسے affirming a disjunct کہا جاتا ہے، جو بہت بنیادی fallacy ہے، اور جس کی تشریح کا یہ موقع بہرحال نہیں۔ مگر ایسے افکار والا بندہ کسی سنجیدہ گفتگو، بشمول کسی ادنیٰ سے قانونی ادارے میں بھی، رائے دینے کا اہل نہیں۔

اصل بات یہ ہے کہ جس قسم کی پارٹنرشپ یہ اپنے دماغوں میں سوچ کر بیٹھے ہیں، اور کھلے بندوں کہنے کا حوصلہ نہیں رکھتے، وہ cohabitation یا live-in relationship ہے، جس کا کوئی قانونی وجود اور فائدہ شادی کے سامنے نہیں۔ جو یہ نوید سنا رہے ہیں کہ شادی کا ادارہ ختم ہو جائے گا، تو وہ پہلے اس کی نوید ضرور سنائیں، تاکہ ان کا جہل واضح ہو کہ موجودہ عالمی نظام سارے کا سارا ہی معاہدات اور عقود پر قائم ہے۔ یہ ویسی ہی بچگانہ بات ہے جیسے کوئی بینک اور صارف کے معاہدے کے ختم ہونے کی نوید سنائے، یا کوئی خرید و فروخت کے معاہدات کے ختم ہونے کی نوید سنائے۔ ایسے بیکار خیالات پتھر کے دور کے انسان کو تو شاید متاثر کریں، آج کے دور میں ان کا کیا کام، کہ جن کا نہ کوئی سر ہے نہ پیر، سوائے wishful thinking کے۔

سلسلہ یہاں ادھورا تھا۔ ارادہ تھا کہ اگلی بار اسلام کے شادی کے تصور کا اجمالی خاکہ لکھ کر اسے مکمل کیا جائے۔

اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1400526374247358464

اجازت

مصنف: Munim, A.

ربط: https://abdulmun.im/ur/posts/shadi-aur-aqd/

اجازت: CC BY-NC-SA 4.0

This work is licensed under a Creative Commons Attribution-NonCommercial-ShareAlike 4.0 International License. Please attribute the source, use non-commercially, and maintain the same license.