مولانا میوزیم، قونیہ۔ تصویر: جرمن ویکیپیڈیا، CC BY-SA 3.0۔
مولانا میوزیم، قونیہ۔ تصویر: جرمن ویکیپیڈیا، CC BY-SA 3.0۔

لوگ مولانا رومی کے بارے میں سب سے زیادہ ٹھوکر کھاتے ہیں۔ مستشرقین اور مغرب کی رہبانی، تارکِ دنیا طرز کی اپروچ کی وجہ سے عموماً مولانا رومی کو صلحِ کل، سب کا بھلا سب کی خیر، لیول کا شاعر سمجھ لیا جاتا ہے، جو عام روزمرہ کے مثالوں سے امن کا پیغام دے رہا ہے۔

یہاں صرف taste کے لیے ضمناً مثنوی کے دفترِ ششم کی چودھویں حکایت سے چند شعر درج کر رہا ہوں۔ اس حکایت کا عنوان ہے: مناظرۂ مرغ با صیاد در ترہب، و در معنی ترہبی کی مصطفیٰ علیہ السلام نہی کرد از آن امتِ خود را، کی لا رہبانیۃ فی الاسلام۔

پرندے کا شکاری کے ساتھ رہبانیت، اور رہبانیت اختیار کرنے پر مناظرہ، کہ جس سے رسول اکرم ﷺ نے اپنی امت کو خود روکا ہے کہ «اسلام میں رہبانیت نہیں»۔

یہ ساری حکایت ہی پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے، کہ مرغ رہبانیت کے خلاف کیا دلائل دیتا ہے، اور چالاک شکاری آگے سے اسے پھنسانے کے لیے کیسے دلائل دیتا ہے، کہ مثلاً عام فرد کے لیے رہبانیت بہتر ہے۔ اور علمِ کلام کے طریقے پر کہتا ہے:

زانک غیرِ حق ہمہ گردد رفات کل آتٍ بعد حینٍ فہو آت

ہر چیز جز آن وجۂ باشد ہلاک ست مُلک و مالک عکسِ آن یک مالک ست

گرچہ سایہ عکسِ شخص ست ای پسر ہیچ از سایہ نتانی خورد بر

یعنی کہ خدا کے سوا سب فنا ہو جانا ہے، اور تھوڑی دیر بعد ہر آنے والا پہنچنے والا ہے۔ جو کچھ اس حکمت کے سوا ہے وہ ہلاک ہونے والا ہے، ملک و مالک اس ایک مالک کا عکس ہیں۔ پھر شکاری کہتا ہے کہ اے بیٹا، اگرچہ سایہ شخص کا عکس ہے، مگر تو سایے سے کچھ پھل نہ کھائے گا۔

یہ آگے بیان کروں گا کہ ان الفاظ کے مخاطب کون ہیں، یعنی ان الفاظ سے شکار کون کر رہا ہے۔ مگر مطلب یہ ہے کہ جب کائنات ایک عکس ہے تو اس میں جدوجہد کا فائدہ نہیں، اصل فائدہ تو بعد کا ہے جب عکس سے اصل شے پر اثر انداز ہونا شروع ہوں گے۔ اور آسان کریں تو: جب سب کچھ ہی خدا کا ارادہ ہے تو جدوجہد کا فائدہ نہیں۔

پھر شکاری کہتا ہے کہ اگر بخشش کی طلب ہے تو لعل کی کان میں جا، اور بے جان دنیا کنارہ کر لے۔ اس کے جواب میں پرندہ بہت شاندار بات کہتا ہے:

گفت مرغش پس جہاد آنگہ بود کیں چنین رہزن میانِ رہ بود

مرغ شکاری کو کہتا ہے کہ جہاد جب فرض ہوتا ہے جب راستے میں ایسا رہزن ہو۔

از برای حفظ و یاری و نبرد بر رہِ ناآمن آید شیرمرد

عرقِ مردی آنگہی پیدا شود کہ مسافر ہمراہِ اعدا شود

چون نبی سیف بودست آن رسول امتِ او صفدرانند و فحول

مصلحت در دینِ ما جنگ و شکوہ مصلحت در دینِ عیسیٰ غار و کوہ

حفاظت اور مدد اور مقابلے کے لیے شیرمرد پرآشوب راستوں پر بھی آ جاتا ہے۔ مردانگی کی رگ اس وقت پیدا ہوتی ہے جب مسافر دشمنوں کے ہمراہ ہو۔ چونکہ وہ رسول «نبی السیف» تھے، تلوار والے نبی، ان کی امت صف شکن اور جوانمرد ہے۔ ہمارے دین میں مصلحت جنگ و شکوہ ہیں، دینِ عیسیٰ میں غار اور چوٹیاں مصلحت ہیں۔

اب مجھے بتائیں کہ ان باتوں کو ان Coleman Barks جیسے بیوقوفوں کو کچھ سمجھ آنی ہے؟ جنہیں فارسی کی سمجھ تو خیر ہے نہیں۔ اس دور کے کلام اور فلسفے کی الف ب بھی نہیں پتہ۔

سلاجقہ کا دور

اس حکایت میں اور بھی بہت کچھ سمجھنے والا ہے۔ مثلاً آگے مولانا رومی نے سنت کی حیثیت پر دقیق گفتگو کی ہے کہ وہ ضروری ہے، اور اس کے بغیر تصوف اور فلسفہ اور نجات کامل نہیں۔

خیر یہ تو ضمنی بات آ گئی۔ اصل کہنے کی بات یہ تھی کہ مسلمانوں کے اس پُر آشوب دور میں، جو سلاجقہ کا دور تھا، اس میں اصلاً مولانا روم الٰہیات اور عقائد میں، صوفیوں، فلسفیوں (جو یونانیوں سے مرعوب تھے) اور متکلمین کے طریقۂ کار سے جو بظاہر کچھ ظاہریت اور جامد مباحث پیدا ہو گئے تھے، ان کے خلاف ایک خالص قلبی اور عاشقانہ ردعمل کا نام ہیں۔ انہوں نے اس دور کی سطحیت سے بہت ہی بلند اور پختہ فکر و نظر کو پیش کیا۔

یہ جو اوپر میں نے کائنات کو خدا کا عکس بیان کرنے والی شکاری کی دلیل بتائی ہے، یہ بالکل اس دور میں ابن سینا، یونانیوں، اور اس کے جواب میں متکلمین کے رد سے سامنے آنے والا ایک standard model تھا، جس کا سیدھا اثر عام عوام پر رہبانیت کی صورت میں تھا، یا دنیا سے قطعِ تعلقی کی صورت میں۔ یہاں تک کہ اس کے نتائج میں سے ایک نتیجہ باطنی فرقے کی صورت میں پیدا ہوا تھا، جو مجوسی اور یونانی تصورات کے ملغوبے پر مشتمل چیز تھی، اور اوپر سے اپنے cringe قسم کے سیاسی مقاصد بھی رکھتی تھی۔ اسماعیلی اور assassins یہ اسی فرقے کی شاخیں تھیں۔ عقائد کی ان بحثوں، اور پھر عیسائیوں سے مناظروں، کے نتیجے میں امت ایسی بٹی کہ اس فرقے کے لوگوں نے، تاتاریوں نے حملہ کیا تو، ان کا ساتھ مسلمانوں کے خلاف دیا۔

خود عقائد کے معاملے میں صوفیوں کا برا حال ہو چکا تھا۔ ہندوستان کے فلسفے، جوگ، حلول اور اتحاد کے عقیدے، وحدت الوجود، واصلین اور کاملین، اور شنکر اچاریہ کے افکار نے صوفی طریقت کا برا حال کرنا شروع کر دیا تھا۔

تو جو کچھ مولانا رومی کہتے ہیں وہ اتنی سادہ، امن پسند اور تارکِ دنیا قسم کی باتیں نہیں، اور نہ ان کا context اتنا سادہ ہے۔

عملی نمونہ

میں اس وجہ سے کہتا ہوں کہ اگر آپ نے مولانا رومی کو عملی دنیا میں سمجھنا ہے تو مولانا رومی کا آئیڈیل آدمی ان کے زمانے کے مجدد ابن تیمیہ ہیں۔

عقائد، شریعت اور میدانِ عمل کی تجدید کا ایسا کامل نمونہ امت کی تاریخ میں بہت کم ہے۔ ان کے قلم کا زور اور کاٹ اتنی تھی، اور کچھ یہ اپنے وقت سے بہت آگے کے عبقری تھے، کہ ان صدیوں میں شاید زیادہ جگہ نہیں بنا سکے، اور تاریخ کی دھول پڑ گئی۔

مگر اگر مولانا رومی حال، باطن، عشق اور یقین کی دنیا کے عبقری تھے تو ابن تیمیہ ان کے پیغام کا عملی اور اعتقادی نمونہ تھے۔

ابن تیمیہ کا دور بہت ہی عجیب و غریب transient period تھا مسلم تاریخ کا۔ میری رائے میں موجودہ دور بھی استعمار کے بعد ایک transient period ہے، تو اس دور میں ابن تیمیہ، ابن القیم وغیرہ کی relevance بہت زیادہ ہے، اور اسی وجہ سے یقین اور عام definite facts سے استدلال کا وہ انداز جو مولانا رومی کا تھا وہ اس وقت کارگر ہے۔ خصوصاً بڑی سطح پر افراد کی ذہن سازی کے لیے۔

جنہوں نے مدارج السالکین کا مطالعہ کیا ہے، اور امام ذہبی کے کام پر کچھ نظر ہے، وہ جانتے ہیں کہ ابن تیمیہ محض خشک قسم کے مناظرہ باز عالم نہیں تھے، بلکہ باقاعدہ صوفی، عارف باللہ تھے۔ اور وہ تمام مقامات جو سالک کو نصیب ہو سکتے ہیں طے کر چکے تھے۔ صوفیا کا وہ مقام جسے «مع اللہ» کہا گیا ہے، وہ یقیناً ابن تیمیہ کا مقام تھا۔

ایسے ہی بس حوالے کو کہیں تو مثلاً ان کا معمول تھا کہ اگر کسی مسئلے میں مشکل ہو، یا آیت سمجھنے میں دشواری ہو، تو وہ کسی سنسان مسجد میں چلے جاتے، اور پیشانی خاک پر رکھ کر دیر تک یہ کہتے رہتے کہ: «یا معلم ابراہیم، فہمنی»، اے ابراہیم کو علم عطا کرنے والے، مجھے اس کی سمجھ عطا فرما۔ یا اس کے علاوہ ایک ہزار بار استغفار کا معمول بھی تھا، جب تک مسئلہ حل نہ ہو یا سمجھ نہ آ جائے۔

امام ذہبی نے جو ان کی گریہ و زاری کی کیفیت بیان کی ہے وہ پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ «خلوت در انجمن» کا ایسا نمونہ تھے کہ امام ذہبی کہتے ہیں کہ بازار، مسجد یا کہیں بھی ہوں، اذکار اور استغراق کی کیفیت رہتی تھی۔ اس سب سے بڑھ کر بے نیازی کی تمام اصل حاصل تھی۔ دولتِ فقر اور عزتِ تذلل ان سے زیادہ اس مقام پر کیا ہو گی۔ کہا کرتے تھے کہ نہ میرے پاس کچھ ہے اور نہ میرے اندر کچھ ہے۔ کہا کرتے تھے:

انا المکدّی، انا المکدی و ہکذا کان ابی و جدّی

میں تیرے در کا بھکاری ہوں، میں تیرے در کا بھکاری ہوں۔ اور یہ نیا نہیں، میرے والد اور دادا بھی تھے۔

ان کی نماز، عبادات، ان کا بادشاہوں سے برتاؤ، ان کا دنیا کو برتنے کا انداز: سلاطین کے برابر مال آتا اور سب اٹھا کر ضرورت مندوں کو دے دیتے، یہاں تک کہ کچھ نہ ہو تو پہنی چیز، کپڑا اتار کر دے دیتے۔ جن لوگوں نے ان کے قتل کی سازش کی، اور پھر سلطان نے ان سے ان کے خلاف فتویٰ مانگا، تو ان کی تعریف و توصیف کی، اور جان بخشی کی سفارش خلوص سے کی۔ ایسا عالی ظرف کم ہی کوئی ہوا ہے۔ اس کے علاوہ بھی سکینت اور اطمینان کا جو کامل مقام ہو سکتا ہے وہ انہیں نصیب تھا۔ کہا کرتے تھے کہ دنیا جنت ہے، جو اس میں ادھر نہ داخل ہو سکا وہ آخرت میں بھی نہ ہو گا۔

ایک بار کہنے لگے کہ: میرے دشمن میرا کیا بگاڑ سکتے ہیں۔ میری جنت اور میرا باغ میرے سینے میں ہیں، جہاں جاؤں گا وہ میرے ساتھ ہے۔

اس سب کے ساتھ امام ابن تیمیہ کی زندگی کا ایک بڑا حصہ میدانِ جہاد میں عملاً گھوڑے کی پیٹھ کر گزرا۔ لوگوں نے تو ان کی کرامات تک نقل کی ہیں۔

خیر ابنِ تیمیہ کا ذکر اس لیے کہ ایک روایت سے مولانا رومی کو سمجھنے کے لیے ان کے دور کے احوال تو ضروری ہیں ہی، اور ساتھ سنائی اور فرید الدین عطار کے سلسلے کا تعارف، مگر عملی نمونے کے کامل مظہر کے لیے ابن تیمیہ کا مطالعہ اور سوانح پڑھنا لازمی ہے۔

اس کے بعد مولانا رومی سے ہونے والے سلوک پر کبھی آپ کو رونے کا دل کرے گا، اور کبھی شدید غصہ آئے گا۔

مولانا جلال الدین رومی (م: ۱۲۷۳ء) امام ابن تیمیہ (م: ۱۳۲۸ء)

پیرِ رومی، مرشدِ روشن ضمیر کاروانِ عشق و مستی را امیر

اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1475914517926268936

اجازت

مصنف: Munim, A.

ربط: https://abdulmun.im/ur/posts/rumi-aur-ibn-e-taymiyyah/

اجازت: CC BY-NC-SA 4.0

This work is licensed under a Creative Commons Attribution-NonCommercial-ShareAlike 4.0 International License. Please attribute the source, use non-commercially, and maintain the same license.