مجھے کچھ وجوہات کی بنا پر زمانۂ جاہلیت کے حنفاء کے حالات اور خیالات میں خاصی دلچسپی ہے۔ یہ وہ تھے جنہوں نے اس دور میں کسی واضح آسمانی ہدایت کے بغیر محض نقل اور عقل، یا کہیں تو روایت اور عقلِ سلیم کی بنا پر ہی خدا کی وحدانیت پر ایمان رکھا تھا۔ غور کرنے کے لیے یہ بہت بڑی بات ہے۔
امیہ بن ابی الصلت، ورقہ بن نوفل وغیرہ ان حنفاء میں شامل تھے، اور ان سب کے حالات پڑھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
ان سب میں قس بن ساعدہ الایادی ایک عجیب شخصیت تھی۔ یہ بلا مبالغہ عرب کا سب سے پہلا خطیب تھا۔ سب سے پہلے اونچی جگہ پر کھڑے ہو کر تقریر کی ابتدا اسی کی ہے۔

یہ عکاظ کے میلے میں اونچے ٹیلے پر کھڑے ہو کر خطاب کرتا تھا، اور ایک خلقت پورے عرب سے اس کے لیے جمع ہوتی تھی۔ خطاب میں تلوار کا سہارا لینے کی ابتدا بھی اسی کی تھی، اور تقریر کے آغاز میں «اما بعد» بھی اسی کی ایجاد تھی، جسے اسلامی روایت میں مضبوط جگہ ملی۔ قس کو قیصرِ روم تک بھی رسائی تھی، اور یہ اس کے دربار میں بھی خطاب کیا کرتا تھا۔
زندگی کے آخر میں یہ دنیا سے کنارہ کش ہو گیا تھا اور تنہائی میں خدا کی عبادت تک محدود تھا، کبھی عکاظ، مِجنہ، ذو المجاز وغیرہ کے میلوں میں وعظ و نصیحت کے لیے بس آ جاتا۔
حضور نبی مکرم ﷺ نے اس کی تقریر عکاظ میں سن رکھی تھی۔ روایت میں ہے کہ اس کے قبیلے والے اسلام اور رسول اللہ ﷺ کی بعثت کے بعد ملنے آئے تو رسول اکرم ﷺ نے اس کا تذکرہ کیا، اور اس کے انتقال کا سن کر فرمایا: «خدا قس پر رحم فرمائے، مجھے امید ہے وہ قیامت کے دن تنہا ہی ایک قوم کی جگہ اٹھایا جائے گا۔»
حضرت ابو بکر صدیقؓ کو اس کے قصے اور اشعار کافی یاد تھے، اور لوگ، اور خود حضور نبی مکرم ﷺ بھی، فرمائش کر کے سنا کرتے تھے۔
عکاظ کا خطبہ
عکاظ میں اس کا ایک مشہور خطبہ ہے، جو کچھ اس طرح تھا:
اے لوگو! سنو اور یاد کر لو! جو زندہ ہے وہ مرے گا، جو مرے گا وہ دنیا سے فوت ہو جائے گا، جو کچھ ہونے والا ہے وہ ہو کر رہے گا۔ یہ تاریک رات، یہ روشن دن، یہ برجوں والا آسمان، یہ چمکتے تارے، یہ موجیں مارنے والے سمندر، یہ جمے ہوئے پہاڑ، یہ پھیلی ہوئی زمین، یہ بہتے دریا: یہ سب کچھ اس بات کے غماز ہیں کہ آسمان میں کوئی خاص طاقت ہے اور زمین میں کوئی خاص عبرتیں ہیں۔ آخر یہ لوگ کہاں جاتے ہیں جو پھر واپس نہیں آتے؟ کیا یہ وہاں رہنے پر خوش ہیں جو وہیں ٹھہر گئے؟ یا پھر یہ دنیا چھوڑ کر سو گئے؟ اے خاندانِ ایاد! تمہارے آباؤ اجداد کدھر گئے؟ اور زبردست فرعونوں کے ساتھ کیا بیتی؟ کیا وہ مال و دولت میں تم سے بڑھ کر نہ تھے؟ کیا ان کی عمریں تم سے لمبی نہ تھیں؟ حوادثِ زمانہ نے انہیں چکی میں پیس ڈالا اور ان کی جمعیتوں کو پاش پاش کر دیا۔
پھر اس نے یہ اشعار پڑھے:
فِي الذَّاهِبِينَ الْأَوَّلِينَ مِنَ الْقُرُونِ لَنَا بَصَائِرُ
ہم سے پہلے گزرنے والی اقوام میں ہمارے لیے بصیرت ہے۔
لَمَّا رَأَيْتُ مَوَارِدًا لِلْمَوْتِ لَيْسَ لَهَا مَصَادِرُ
جب میں نے دیکھا کہ موت کی گھاٹ پر جانے والوں کے لیے واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہوتا۔
وَرَأَيْتُ قَوْمِي نَحْوَهَا تَمْضِي الْأَصَاغِرُ وَالْأَكَابِرُ
اور میں دیکھتا ہوں کہ میری قوم کے سب چھوٹے بڑے تیز رفتاری سے اس گھاٹ کی طرف رواں دواں ہیں۔
لَا يَرْجِعُ الْمَاضِي وَلَا يَبْقَى مِنَ الْبَاقِينَ غَابِرُ
وہاں جا کر پھر ہمارے پاس کوئی واپس نہیں آتا، اور نہ ہی پچھلوں میں کوئی یہاں ہمیشہ رہنے والا ہے۔
أَيْقَنْتُ أَنِّي لَا مَحَالَةَ حَيْثُ صَارَ الْقَوْمُ صَائِرُ
مجھے یقین ہو گیا کہ ہونا ہو، جو قوم کا انجام ہوا ہے میرا بھی وہی ہو گا۔
اقوال
عرب میں اس کے اقوال بھی معروف ہیں۔ مثلاً:
- جو تجھے کسی چیز کی عار دلاتا ہے، اس میں بھی ویسی ہی کمزوری ہوتی ہے۔
- ہر ظالم کو ایک ظالم مل سکتا ہے۔
- اگر دوسروں کو کسی کام سے روکنا ہے تو ابتدا خود سے کر۔
- تنگدستی میں لوگوں سے دور رہو، اور خوشحالی میں عوام کے ساتھ۔
- کسی مصروف آدمی سے مشورہ نہ کرو خواہ وہ کتنا ہی عقلمند ہو، بھوکے سے مشورہ نہ کرو خواہ کتنا ہی سمجھدار ہو، نہ خوفزدہ سے، خواہ اس کی خیر خواہی پر تمہیں مکمل اعتبار ہی کیوں نہ ہو۔
حوالہ جات:
- تاریخ الادب العربی، احمد حسن الزیات
- تاریخ ابن کثیر
- عربی ادب کی تاریخ، محمد کاظم
اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1464706440434794498
