عدل کا مجسمہ، ایران۔ پبلک ڈومین۔
عدل کا مجسمہ، ایران۔ پبلک ڈومین۔

کچھ منتشر خیالات۔

جب میں نے کچھ پختہ افکار کا مطالعہ شروع کیا تو ان دنوں سیرتِ عمر بن عبدالعزیزؒ بھی مطالعے میں تھی۔ حضرت عمر نے جہاد کے محاذوں پر موجود اپنے کمانڈرز کو جو خطوط لکھے، ان میں نصیحت کی کہ دیکھو، تمہارے اور کفار و مشرکین کے درمیان فرق کرنے والی چیز تمہارے اور ان کے گناہ ہیں۔ اگر تمہارے ظلم، فجور اور گناہ ان سے بڑے گئے تو تمہاری کثرتِ تعداد بھی تمہیں فتح نہیں دلوا سکے گی۔ اس کے بعد دوسری نصیحت تھی کہ تمہارے اور ان کے درمیان فرق کرنے والی چیز تمہارا نظامِ انصاف ہے۔

چنانچہ فوجیوں کو سختی سے منع کر دیا کہ کسی بستی اور civilian سے کچھ نہ لیں۔ بلکہ کچھ جگہوں پر قیمتاً لینے سے بھی منع کر دیا۔ اور کہا کہ تمہیں جو کچھ چاہیے تھا وہ دے دیا گیا ہے، اور تمہارے اور مدِ مقابل کے سامانِ رسد میں فرق نہیں رکھا۔ لہذا انصاف کے پیمانوں پر سختی سے قائم رہو!

اندر کا انصاف

مجھے قانون کے باقاعدہ تھوڑے بہت مطالعے کا کچھ موقع ملا ہے۔ اور انٹرنیشنل لا کے مطالعے میں ایک دلچسپی 9/11 کے بعد وہ extraordinary rendition، گوانتانامو اور ADX Florence کے قیدی تھے جنہیں مختلف الزاموں میں قید کیا گیا، اور کچھ پر مقدمے چلے اور کچھ پر نہیں۔ اس سب میں جس چیز نے مجھے ذاتی طور پر بہت متاثر کیا وہ مغربی ممالک کا داخلی نظامِ انصاف، شخصی آزادی، اور اس کے نتائج تھے۔

مجموعی طور پر دنیا کی تاریخ میں چند مواقع چھوڑ کر، کہ جب نئی ریاستیں وجود میں آئی ہیں جیسے خلافتِ راشدہ وغیرہ، قانون اور انصاف ہمیشہ طاقتور کا رہا ہے۔ مغربی ممالک میں بھی انصاف کی دیوی کی آنکھوں کی پٹی تو اکثر برقرار رہتی ہے، مگر اس کی تلوار چلانے والے ہاتھ کوئی اور ہوتے ہیں۔ مگر کچھ مواقع ایسے بھی ہیں کہ اہلِ مغرب کے collective conscience نے اپنے انصاف کے نظام کی اقدار کا تحفظ کیا ہے۔

یہ جن قیدیوں کا میں نے اوپر ذکر کیا ہے، ان میں سے ایک قابلِ ذکر تعداد کو کس طرح سے انصاف دلوایا گیا ہے، یہ ہر باضمیر فرد کے مطالعے کا موضوع ہونا چاہیے۔ عام عوام اور قانون دان طبقے نے کس طرح انصاف کے پلڑے میں اپنا وزن ڈال کر امریکہ اور برطانوی ریاستوں کی زیادتیوں کے پردے چاک کیے ہیں۔ اس پر کئی دستاویزات ہیں جو پڑھنے اور دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔ کینیڈا کا خضر خاندان، ابو زبیدہ، احمد ربانی، CAGE اور معظم بیگ، عمر دغایس، شاکر عامر، مراد کرناز وغیرہ کی داستانیں یہ سب پڑھنے کے قابل ہیں۔

مغرب کی ریاستی افواج اور نظامِ سراغ رسانی کا عمل تو ظاہر ہے کچھ اور ہی رہا ہے، مگر ان اقوام، بالخصوص برطانیہ اور امریکہ، کے اہلِ قانون، وکلا، سول سوسائٹی، صحافیوں وغیرہ نے جس طرح انصاف کا ساتھ دیا ہے وہ قابلِ ذکر ہے۔

ان سب میں ہی ایک کیس ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا بھی ہے، جن کے لیے انصاف پسند طبقے آج بھی آواز بلند کر رہے ہیں۔

لایعنی سوال

ابھی کل ٹیکساس میں ہونے والے یرغمالی واقعے میں ان کا نام ایک بار پھر موضوع بن گیا ہے۔ کچھ لوگوں نے ڈاکٹر عافیہ کے معاملے پر اپنی دانشوری جھاڑی ہے، اور کچھ نے اپنے intelligence sources نکال کر بتائے ہیں کہ ڈاکٹر عافیہ واقعی القاعدہ کا حصہ تھیں، اور اتفاق سے خود امریکہ، CIA وغیرہ کو بھی یہ ابھی تک نہیں پتا۔ اور زیادہ اتفاق سے امریکی انتظامیہ اور CIA وغیرہ کو، بلکہ خود قانون کو بھی، اس سے غرض ہے ہی نہیں، اور نہ ہی امریکی ریاست نے ان پر مقدمہ اس لیے چلایا ہے کہ وہ القاعدہ کا حصہ تھیں۔ ہمارے ہاں کے شوقین لوگوں کی چھلانگیں بس اسی نوعیت کی ہوتی ہیں۔

یہ سوال لایعنی اور meaningless ہے کہ ان کا تعلق القاعدہ سے تھا کہ نہیں۔ بات یہ ہے کہ استغاثہ نے کیا مقدمہ پیش کیا ہے، اور کیا وہ مقدمہ حقائق پر مبنی ہے؟ تو اس کا جواب ہے کہ استغاثہ نے اپنا مقدمہ beyond reasonable doubt قائم نہیں کیا، اور امریکی نظامِ انصاف نے خود اپنے معیار سے گر کر، اور انصاف کی دھجیاں بکھیر کر، کمزور گواہیوں، تضادات اور قرائن کے برعکس ہونے کے باوجود ایک شخص کی تمام زندگی کا فیصلہ جذبات میں کیا ہے۔

میں کبھی کبھی خدا کا شکر کرتا ہوں کہ ہمارے لوگوں کے ہاتھ میں دنیا کا نظام نہیں۔ کیونکہ یہ مغرب سے زیادہ کینہ پرور، طاقت کے پجاری، populist نعروں پر یقین رکھنے والے، اور بغض سے بھرے بونے لوگ ہیں۔ یہ معمولی سے معمولی چیزوں میں بھی انصاف کرنے کی صلاحیت سے عاری ہیں، اور گناہ، اچھائی اور نیکی کے تمام تصورات سے الگ ہو کر اپنی ریاستیں، عدالتیں، افواج، اور یہاں تک کہ منڈیاں اور گھر چلاتے ہیں۔

اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1483041077657493505

اجازت

مصنف: Munim, A.

ربط: https://abdulmun.im/ur/posts/nizam-e-insaf/

اجازت: CC BY-NC-SA 4.0

This work is licensed under a Creative Commons Attribution-NonCommercial-ShareAlike 4.0 International License. Please attribute the source, use non-commercially, and maintain the same license.