نوا را تلخ تر می زن چو ذوقِ نغمہ کم یابی حدی را تیز تر می خواں چو محمل را گراں بینی
سید مودودی بڑے آدمی تھے۔ ان کے شخصی حجم کا اندازہ ان کے ناقدین کی تحریروں سے ہوتا ہے۔ مثلاً سید مودودی کی عظمت کو بیان کرنا ہو تو وہ یوں ہوگی کہ «انہوں نے روایت سے انحراف کیے بغیر اجتہاد، اصلاح اور سیاست کر کے دکھائی»۔ اس بات کو for granted لینا آسان اس لیے ہے کہ روایت کیا ہے، اسے سمجھنا ایک مشکل، طویل، اور آج کے دور میں قریب قریب ناممکنات میں سے ہے۔ اور ہم جیسے جدید تعلیم یافتہ تو ویسے ہی روایت کو کچھ سمجھتے نہیں، تو ہمارے لیے تو یہ بات ہی عجیب ہے۔
ہمیں مولانا کی کتب تک رسائی تو ہے، مگر یہ استعداد نہیں کہ ان پر ناقدانہ نظر ڈال سکیں۔ مولانا ایک عصری نشست میں خود کہتے ہیں کہ ایک وقت میں اس لٹریچر سے عام آدمی تو پرجوش ہوتا ہی تھا، علماء تک چونک اٹھتے تھے۔ یہ معمولی بات نہیں۔
روایت پانچ چیزیں ہیں
روایت کیا ہے؟ یہ پانچ چیزیں ہیں:
۱۔ تصوف ۲۔ کلام ۳۔ حدیث ۴۔ فقہ ۵۔ فلسفہ
ان میں ایک طائرانہ استعداد کے لیے بھی زبان سے لے کر کافی کچھ اور ہے۔ مولانا کا کمال یہ تھا کہ وہ اس سب میں ایک مجتہدانہ استعداد کے بعد زمانے پر ایک ایسی نظر رکھتے تھے جو ان کے دور کے کہنہ مشق علما اور سیاسی لیڈروں کی بھی کم ہی تھی۔
۱۹۳۸ سے ۱۹۶۸ تک تیس سال ایسے ہیں کہ مولانا عموماً اٹھارہ گھنٹے کام کے عادی تھے۔ اور ان کا یہ کام اس تمام روایت سے coherent ہے، اور یہ سب سے بڑا کارنامہ ہے۔
یہ لمبی تمہید اس لیے ہے کہ پہلے ہم نے، یعنی تحریک کے نوجوانوں نے، مولانا کو کتابوں کے ٹیکسٹ تک محدود کیا، پھر ایک سیاسی لیڈر تک۔ اس میں مولانا اپنی انسانی، عالمانہ عظمت سے زیادہ اوتار کے فریضے تک پہنچائے گئے۔ کیونکہ انسانی اور عالمانہ عظمت کے لیے جو استعداد چاہیے وہ تو تھی نہیں، چنانچہ امام اور اوتار بنایا گیا، جس کے لیے پوجنے کی استعداد چاہیے، اور وہ سیاسی حرکیات میں ویسے ہی اولین skill ہے۔
سوشل کیپیٹل
آج کی تحریکِ اسلامی چونکہ علمی، فکری، سیاسی لحاظ سے ہاتھ پاؤں مارنے کے لیول پر آ چکی ہے، تو اس لیے جو social capital جس کا ہے اس کے پیچھے چلنا ہی نجات کی راہ ہے۔ پاکستان میں یہ المیہ شدید ترین ہے، گو بنگلہ دیش اور ہندوستان میں کم ہے۔ وہاں قدرے ابطال ہیں جو جدید اور قدیم کے تربیت یافتہ ہیں، اور اب بھی جدید اور قدیم کی تربیت اور اہمیت کو سمجھتے ہیں۔
چونکہ ہم نہیں سمجھتے، اور کسی قابل نہیں سمجھتے، تو اب ہم جب سیاسی کامیابی کو دینی جواز دینا چاہیں تو ادھر اُدھر نظر دوڑا کر جو نظر آتا ہے وہ، مثلاً، ماشاء اللہ پروفیسر انیس صاحب نظر آتے ہیں، جو ہماری «فقہی» رہنمائی کرتے ہیں۔ ان کی علمی استعداد مسلم! مگر seriously؟ پروفیسر صاحب کی سیاسی بصیرت پر زیادہ تبصرہ کیا کرنا، کہ عمران خان آج بھی ان کے لیے نجات دہندہ ہے، اور ان کا بس ہو تو تمام جماعت اس کی جھولی میں ڈالی جانی چاہیے۔
اچھا، ہم نوجوان تھے تو رہنمائی کے لیے لوگ تلاش کرتے تھے۔ لمز، بیکن ہاؤس، LMDC، آغا خان سے واسطہ تھا۔ الحاد وغیرہ سامنے کی چیز تھی۔ بندہ مگر کوئی نہیں ملتا تھا جس کے «مگڑ» لگا جا سکے۔ علماء، کیا عربی اور انگریزی اکٹھی جاننے والے، مشکل سے ملتے تھے۔ جو تھے، انہیں جدید مغرب سے اتنا بھی سروکار نہیں تھا جتنا خود مولانا کو تھا۔ اور جنہیں تھا وہ «گستاخیوں» کی وجہ سے شجرِ ممنوعہ تھے۔ زیادہ تر پاکستان سے باہر مولانا مودودی، مولانا حامدی وغیرہ کی goodwill تھی، اور اندرونِ ملک کے آخری تیس سالوں میں علما ہر جگہ سے غائب تھے، وجوہات جو بھی ہوں۔
مربی جو کچھ سمجھا بتا سکے، وہ ناظم، امیر وغیرہ جیسے بھاری بھرکم سابقوں لاحقوں کے ساتھ ہونا ضروری تھا، اس لیے کوئی میکانزم نہیں تھا کہ باہر کے کسی فرد سے پروفیشنل رہنمائی لی جا سکے۔ مگر خدا کی طرف سے ہی تھا کہ ہمارے ساتھیوں میں ایک دو افراد تھے جو مولانا کی اس عظمت کو، اور خود روایت کا کچھ اندازہ، رکھتے تھے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ جلد ہی یاسر قاضی، نعمان علی خان، مفتی مینک وغیرہ کے سحر سے واپس آ گئے۔ ان سب سوشل میڈیا celebrities اور مغربی داعیانِ دین کی اپنی استعداد ہو گی، اور میری حیثیت نہیں کہ اس پر کلام کروں، مگر جو اس حیثیت میں ہیں ان کی آرا رقم کر کے کیا مزہ خراب کرنا۔
اس سے ہٹ کر، کیا کسی کو پتا ہے کہ یہ لوگ آپ اور اخوان کے بارے میں رائے کیا رکھتے ہیں؟ ان کی معاشرتی مسائل پر آرا کس زمان اور مکان، معروضی حالات، سے متعلق ہیں؟ اور ان کی سیاسی بصیرت ہے کتنی، کہ اپنی آرا کن لوگوں اور کس طبقے کے لیے تبدیل کرتے ہیں اور دیتے ہیں۔
جن کی سیاسی اور سماجی بصیرت ہمارے معاشروں میں ایک فیصد نہ ہو، ان کی مجتہدانہ رہنمائی کیا ہو سکتی ہے؟
بیچارگی
ہم نے پچھلے تیس چالیس سالوں میں بونے پیدا کیے ہیں۔ آج بھی لوگ ہیں کہ لمز اور IBA سے پڑھے ہیں تو ساتھ روایت کے علوم میں اجازت رکھتے ہیں، Harvard اور ایسی ہی Ivy League کی جامعات سے گریجویٹ ہیں۔ یہ سوال معلوم اور جواب بھی معلوم کہ ایسا ہمارے ہاں کیوں نہیں ہوا، مگر اتنی بھی کیا بیچارگی کہ پوری تحریک، پوری روایت کے ہوتے ہوئے ہمیں رہنمائی کے لیے ایسوں کی طرف دیکھنا ہے جو ہماری طرف دیکھتے ہیں تو ہنس کر!!!
چلیں کچھ کو اتنی بیچارگی ہو گی، مگر پوری تحریک کو ایسی ندیدیت اور بیچارگی کی بھینٹ تو نہ چڑھائیں یار!
اگر آپ نے قابلِ قبول ہی بننا ہے تو کم از کم سوڈان سے ملیشیا تک مثالیں تو ٹھیک سے دیکھ لیں۔ کرسمس کو چھوڑیں، نام کی تبدیلی سے لے کر، سود کو حلال کرنے، عورت کی امامت میں نماز، مغربی افواج میں شمولیت، غیر مسلم مرد سے مسلم عورت کی شادی، عورت کی غیر مشروط سربراہی، جزیرہ نما عرب پر مندروں، کلیساؤں اور کنیساؤں کی تعمیر تک کیا کچھ ہے جس کا جواز نہیں دیا گیا؟ بنیادی منطق ہے کہ inflation of conflict کا مطلب یہ نہیں کہ کسی صحیح نقطۂ نظر کا وجود ہی نہیں! کسی چیز پر اختلاف، کوئی شاذ رائے ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی ٹھیک رائے ہو ہی نہیں سکتی۔ اگر اوپر والا سب بھی تحریکِ اسلامی کے لوگوں کا ہی کیا ہے تو پھر ہمارے غامدی صاحب کیا بُرے ہیں!
عرفی کا جو شعر شروع میں لکھا، کہ اگر ذوقِ نغمہ کم ہو گیا ہے تو اپنی نوا کو تلخ تر کر دے، اگر اونٹ پر بوجھ زیادہ ہو تو حدی خواں اپنی لے اور تیز کر دیتے ہیں۔
یہ اقبال سے بھی زیادہ اپنی روایت میں گندھے ہوئے تخلیق کار کا تخیل ہے!
بوجھ زیادہ ہو تو حدی خواں بوجھ کم نہیں کرتے۔ آپ سیکولر ہو جائیں یا لبرل، جو نقش آپ کے بزرگوں سے منسوب و مرقوم ہے وہ جان نہیں چھوڑے گا! اور سچی بات ہے کہ last man standing بھی ہو تو مودودی کا نقش بُرا نہیں!
اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1607751211528380421
