گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، لاہور۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، لاہور۔

آج شدید خواہش ہے کہ جمعیت اور اس کے لوگوں کے ساتھ گزرے اپنے ایام پر کچھ لکھوں۔ عجیب سرشاری اور توانائی کے دن تھے۔ ۲۰۰۶ سے ۲۰۱۰، اور پھر ۲۰۱۳ سے ۲۰۱۷!! مصروفیت کا بھلا ہو بس۔

جمعیت ایک تجربہ ہے، جوانی سے بڑا تجربہ۔

جمعیت کا سب سے بڑا احسان زمین کی طرف رخ کیے چلنے والے جوان کا منہ آسمان اور راستے کی طرف کر دینا ہے۔

ابو ہریرہؓ نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: سات قسم کے آدمیوں کو اللہ تعالیٰ اپنے عرش کے سایہ میں رکھے گا، جس دن اس کے سوا اور کوئی سایہ نہ ہوگا۔ انصاف کرنے والا حاکم۔ وہ نوجوان جو اللہ تعالیٰ کی عبادت میں جوان ہوا ہو۔ وہ شخص جس کا دل ہر وقت مسجد میں لگا رہے۔ دو ایسے شخص جو اللہ کے لیے محبت رکھتے ہیں، اسی پر وہ جمع ہوئے اور اسی پر جدا ہوئے۔ ایسا شخص جسے کسی خوبصورت اور عزت دار عورت نے بلایا لیکن اس نے یہ جواب دیا کہ میں اللہ سے ڈرتا ہوں۔ وہ انسان جو صدقہ کرے اور اسے اس درجہ چھپائے کہ بائیں ہاتھ کو بھی خبر نہ ہو کہ دائیں ہاتھ نے کیا خرچ کیا۔ اور وہ شخص جو اللہ کو تنہائی میں یاد کرے اور اس کی آنکھیں آنسوؤں سے بہنے لگ جائیں۔

جو دیکھا

میں نے جمعیت میں حقیقتاً اللہ کے ولی دیکھے، مستجاب الدعوات، شب زندہ دار۔ میں نے علم کے پیکروں کو دیکھا تو عمل کے کوہِ ہمالہ بھی ہمراہ نظر آئے۔ میں نے ناظمین کو راتوں کو اٹھ کر افراد کے لیے روتے ہوئے یہ دعا مانگتے دیکھا کہ اللہ اس نوجوان کا نشہ چھڑوا دے، فلاں نوجوان تیرے دین کا بہت کام کر سکتا ہے اس کو چن لے، فلاں گھر سے پریشان ہے، اس کی بہنوں کی شادی کروا دے۔

قبرستان میں رات کے پہلے پہر اس لیے جانے والے دیکھے کہ اس کے سناٹے کا شور سن کر زندگی سمجھ جائیں۔ لوگوں کو جمعیت کے ناظمین کو کروڑوں کی امانت اپنے بیٹوں کی جگہ سپرد کرتے دیکھا کہ یہ جمعیت کا ناظم ہے اور میرے لیے یہ کافی ہے۔ جمعیت کے ناظمین اپنا پورا کیریئر اور تعلیم کسی نادار طالب علم کے لیے قربان کرتے دیکھے۔ اور خود جمعیت اور اسلام کے لیے ڈگریاں اور کیریئر قربان کرنا تو آج بھی pre-requisite ہے۔ میں نے علماء اور اللہ والوں کو وصیت کرتے دیکھا کہ میرا جنازہ جمعیت کا ناظم پڑھائے اور میت کو غسل بھی وہی دے۔ میں نے لوگوں کو اپنی شادی اس لیے ملتوی کرتے دیکھا کہ جمعیت کا ناظم قید میں ہے، اور وہ رہا ہو تو میرا نکاح وہی پڑھائے۔ میں کسی ایسے ناظمین اور اراکین کو جانتا ہوں جن کے بھروسے پر، اور کبھی ضمانت پر، لوگوں نے اپنی بچیوں کو تعلیم کے لیے دوسرے شہر اور یونیورسٹی میں بھیجا۔ کئی واقعات ہیں کہ مرنے والوں نے وصیت کر دی کہ میرے بعد جمعیت کا فلاں ناظم میرے گھر کو دیکھے گا۔ اور خود میری زندگی میں آج تک کسی سے قلبی تعلق نہیں پیدا ہوا، سوائے میرے اپنے ناظم کے۔

کیمپس

جمعیت نے ایسے وقت میں پاکستان کی جامعات میں اسلام اور نظریۂ پاکستان کا علم بلند کیا جب داڑھی رکھنے کا مطلب social alienation تھا۔ کیمپس میں نماز پڑھنا ممکن نہیں تھا، زیادہ سے زیادہ کسی کونے میں چپکے سے پڑھی جاتی۔ لاہور کی مال روڈ پر خدا کا جنازہ دھڑلے سے سرخوں نے نکالا۔ اور قادیانی اپنے فوجی جرنیلوں کی بل پر پورے کے پورے شہر یرغمال بنا لیتے تھے۔ لسانی گروہوں، مکتی باہنی، اور بھارتی فوجوں کے سامنے جب افواجِ پاکستان نے ہتھیار ڈال دیے تو جمعیت کے تیار کیے لوگ کئی نسلوں تک اسلام اور نظریۂ پاکستان کی لڑائی لڑتے رہے، نوے سال کے ہو کر جنازے جیلوں سے نکلے، اور بڑھاپے کی آخری سیڑھی پر اسلام اور پاکستان کے دفاع پر سولی چڑھے۔

بلوچستان، اندرونِ سندھ، کراچی، گلگت، پشاور، لاہور، فیصل آباد، کشمیر، افغانستان، قفقاز، جرمنی: کون سی جگہ ہے جہاں ان سرپھروں کی حکایت کا ایک ذکر نہ ہو۔ سینکڑوں افراد کی شہادت سے مزین یہ اجتماعیت کبھی حوصلے پست نہیں ہونے دیتی۔ جمعیت نے پاکستان کے تعلیمی اداروں کو دلیل اور کردار سے مسخر کیا۔ پاکستان میں اس کے مقابلے پر دوغلے، کھوکھلے نعروں والے ہوں یا لسانی غنڈہ گرد اور دہشت گرد، کوئی تنظیم اپنا وجود ایک نسل سے زیادہ برقرار نہیں رکھ سکی۔ مگر جمعیت کی تابانی آج چوتھی نسل میں metamorphosis سے گزر رہی ہے۔

قیامِ پاکستان کے بعد صرف ایک کامیاب معاشرتی تجربہ ہوا ہے، اور اس کا نام اسلامی جمعیت طلبہ ہے۔

سنتا ہوں سرنگوں تھے فرشتے مرے حضور میں جانے اپنی ذات کے کس مرحلے میں تھا

اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1474023729562890247

اجازت

مصنف: Munim, A.

ربط: https://abdulmun.im/ur/posts/jamiat/

اجازت: CC BY-NC-SA 4.0

This work is licensed under a Creative Commons Attribution-NonCommercial-ShareAlike 4.0 International License. Please attribute the source, use non-commercially, and maintain the same license.