


میرا افغانستان کا مطالعہ مجھے کسی ایک شخص کو اساطیری کہہ سکے تو گلبدین ہیں۔ یہ نہیں رہے تو لوگ ان کی داستانیں کہیں گے۔ کابل یونیورسٹی کے پہلے سال کے سٹڈی سرکلز سے شروع ہونے والا خواب، اور بالآخر پورے سوویت یونین کو قصۂ پارینہ بنا دینا!
حکمتیار کی ساٹھ کی دہائی میں تشکیل پانے والی سازمانِ جوانانِ مسلمان کے کئی ہم خیال تھے۔ جن کے نام بھی اب لوگوں کو نہیں معلوم۔ غلام محمد نیازی، جو اخوان المسلمون کو قاہرہ میں مشاہدہ کر کے آئے، شعلہ بیاں عبدالرحمٰن نیازی، سیف الدین نصرتیار، مولوی حبیب الرحمٰن، قاضی امین، عبدالرب رسول سیاف، غلام ربانی آتش، استاد محمد جان احمدزئی، سید نوراللہ، اور کتنے ہی نام۔ گلبدین کو ان کے استاد برہان الدین ربانی نے سید قطب سے متعارف کروایا۔ احمد شاہ مسعود اور یہ ایک ہی راہ کے راہی تھے۔ جہاد سے متعارف تو انہوں نے کروایا۔ باقی کردار تو بعد کے تھے۔
بشمول قندھار وغیرہ کے علماء، جنہیں زمینیں، وظائف دے کر پہلے خاموش کروایا جاتا رہا تھا۔ واضح مثال جمعیت العلماء تھی، حالانکہ کہ ۷۰ سال پہلے تک ایسا نہیں تھا۔ پھر اپنی صلاحیتوں سے پاکستان اور پھر امریکہ کو شامل کروایا۔ ان لوگوں نے اس راہ کو ساٹھ کی دہائی کے آخر میں ہی چن لیا تھا۔
ساٹھ کی دہائی کا کابل
جب پاکستان سے زیادہ شدت کے ساتھ داڑھی، نماز، روزہ اور پردے کا مذاق اڑایا جاتا تھا۔ یہاں تک کہ ۱۹۶۹ میں روزنامہ اصلاح نے رسول اکرم ﷺ کے خاکے شائع کر دیے۔ ۱۹۷۰ میں لینن پر درودِ پاک ﷺ کے انداز میں نظم کہنے پر علماء اور صوفیاء نے جو احتجاج کابل کی پلِ خشتی مسجد کے سامنے کیا، اس کا حشر نشر ہو گیا۔ اور انہی دنوں کئی جگہ سرخوں نے قرآن کی بے حرمتی کی۔ اس پر اب یہ نوجوانان جانتے تھے کہ روسی ریچھ سے لڑے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ پولی ٹیکینیک میں پڑھاتے روسی اساتذہ اور ان کی خدا کا مذاق اڑاتی فلمیں بتا رہی تھیں کہ آج نہیں تو کل یہ ریچھ افغانستان آ دھمکے گا، یہاں تک کہ انہی قندھاری علماء کو گلبدین، قاضی امین وغیرہ سردار داؤد اور روسیوں سے خبردار کرتے رہے، مگر وہ ہنوز دلی دور است کی تصویر بنے تھے۔ اس وقت کے پاکستان کو آنکھیں دکھانے والوں کے پیچھے کردار سب کو واضح تھے، مگر ہمت گلبدین کے علاوہ کسی کی نہیں ہوئی۔
اور حالات یہ تھے کہ ۱۹۷۵ کی ایک تحریک کے بعد گلبدین، قاضی امین، استاد ربانی وغیرہ کے سب ساتھی حکومتی جیلوں میں تھے یا شہید کر دیے گئے تھے، ان کے پندرہ سو سے زیادہ خاندان پاکستان میں مہاجر تھے، اور ساتھ دینے والا کوئی نظر نہیں آتا تھا۔ حکمتیار اس پریشانی میں بستر پر جا لگے، اور لاہور سے علاج کروانا پڑا۔ اس دور میں گلبدین وغیرہ نے بھٹو کو آمادہ کر لیا کہ سردار داؤد کے خلاف ساتھ دیا جائے، جماعتِ اسلامی نے بھی کچھ مہاجر خاندانوں کی امداد وغیرہ کی۔ پہلے تو پاکستانی ریاست نے مذاق میں ہی توڑے دار بندوقیں، لاٹھیاں اور بھالے ان نوجوانوں کے حوالے کیے تھے، مگر بہرحال یوں جہادِ افغانستان کا آغاز ہوا۔
اختتام، اور لچک
خیر۔ مدعا تو یہ بھی ہے کہ جہاد کے اختتام پر ان کا جائز حق دینے سے اپنوں نے ہی محروم رکھا۔ خود انہوں نے بھی لچک دکھانے سے انکار کیا۔ دلیل ان کی بھی طالبان والی ہی تھی۔ مگر لوگ ان کے ساتھ اتنے نہیں تھے جو قبائلی اور مدارس کی تحریک ہونے کی وجہ سے ملا عمر نے اکٹھے کر لیے۔ لچک طالبان نے بھی کہاں دکھائی۔ ایسا نہیں کہ غلطیاں نہیں ہوئیں۔ پہاڑ جیسی غلطیاں استاد ربانی، احمد شاہ اور انہوں نے کی۔ تب ہی تو طالبان کو موقع ملا۔ اور پھر مصریوں اور اردنیوں نے افغانستان کا ملا عمر کو استعمال کر کے وہ حال کیا کہ کسی قابل نہیں چھوڑا۔
یہ حکمتیار تھے جنہوں نے کرزائی سے مذاکرات کرتے، اور ہتھیار ڈالنے پر آمادہ اور اپنی صفوں کی پراگندگی کے باعث بون کانفرنس سے بھی متنفر طالبان سے پہلے، امریکہ سے جہاد کا اعلان کیا۔ طالبان تو پھر ۲۰۰۳ کے بعد منظم ہوئے۔
افغانستان حکمتیار کا بوجھ نہیں اٹھا سکا۔ اس کی تاریخ بھی کچھ ایسی ہی ہے کہ ہمیشہ علماء کا کردار بڑا رہا ہے۔ چاہے وہ انگریز دور کے ملا ہدا اور ملا مشک عالم ہوں، یا اس دور کے مدارس کے فارغ التحصیل۔ انہی علماء کو تو ۱۹۶۹ سے ۱۹۷۵ تک گلبدین جگاتا رہا تھا۔
خیر جہاں حقانیہ، لوگر، قندھار، زابل اور ہلمند کے دارالعلوموں کی شریعت ناخواندہ قبائلی بندوق کے زور پر bargain کریں، وہاں حکمتیار کا کام بھی کیا۔ حکمتیار شکست و فتح سے بلند کردار ہے۔ میدان کا مرد بھی، اور علم کا پیکر بھی۔
گریٹ گیم نہیں، سوویت یونین
افغانستان میں ایک ہی کھیل کھیلا گیا، اور وہ سوویت یونین کے خلاف جہاد تھا۔ برطانیہ کی افغانستان میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ اس وقت کی گریٹ گیم میں برطانیہ اسے بفر ریاست کے طور پر رکھنا چاہتا تھا، جو اس نے افغانستان کو جب تک چاہا رکھا۔ کوئی ایک شکست برطانیہ کو کسی لڑائی میں نہیں ہوئی۔ جس ایک لڑائی کا ذکر کیا جاتا ہے، کوئی زندہ نہیں چھوڑا سوائے ایک ڈاکٹر کے، وہ بھی کوئی معرکہ نہیں تھا بلکہ معاہدے کی خلاف ورزی اور گھات لگا کر حملہ تھا۔ جس کے جواب میں برطانیہ نے کابل کا ایک گھر سلامت نہیں رہنے دیا۔ بھئی، یہ امان اللہ خان کے اعلان پر پھر کس بات کی آزادی کا دن ہے، کہ اگر برطانیہ شکست خوردہ تھا۔
اصل عزائم تو سوویت یونین کے تھے، جس میں وہ ناکام ہوا، اور اس کی کمیونسٹوں کے خلاف اس مزاحمت کو شروع کرنے والا حکمتیار تھا۔ اور یہ عزم ایسا تھا کہ پانچ سو سال سے توسیع پذیر روسی ریاست کو اپنے بل میں ایسے واپس لوٹنا پڑا کہ ہاتھوں کی انگلیوں سے زیادہ اسے ٹکڑے ہو گئے۔
یہ تحریر نامکمل کافی عرصے سے iCloud پر پڑی تھی، مگر اب تاریخ کے بونوں کو جنرل اختر عبدالرحمٰن اور پاکستانی جرنیلوں کے پیچھے چھپ کر جہادِ افغانستان پر تبرا کرتے دیکھتا ہوں تو خیال آتا ہے کہ ہماری نوجوان نسل کو کیا معلوم کہ اس بانسری کے پیچھے ان سرخوں کی خواہشوں کا قبرستان وہ افغانستان ہے جس میں خود پاکستان اور اس کے جرنیلوں کو گلبدین کھینچ لایا۔ چاہے جرنیلوں نے پیسے لیے ہوں یا کسی اور نے، مجھے بس یہ حقیقت محبوب ہے کہ سوویت یونین جیسی خدا بیزار ریاست کا اب وجود نہیں، اور اس کو ماضی کا قصہ بنا دینے کا کارنامہ ان مجاہدین کا ہے۔
اور انہیں اس بات کی ہمت اور عزم دینے والی چیز نظریۂ جہاد تھا۔ اور ہر جہاد میں کچھ جہاد کی ہوا میں جہاد کرتے ہیں، کچھ مال و منال کے لیے، کچھ جاہ و اقتدار کے لیے، اور کچھ فقط رب سے وعدے کو سچا کرنے کے لیے۔ مگر اس ساری حکایت میں میرے اور آپ جیسے بونوں کا کوئی وجود پھر بھی نہیں ہوتا۔
جب مؤرخ تاریخ لکھے گا تو جہادِ افغانستان کو مسلم نشاۃِ ثانیہ کا عملی نقطۂ آغاز بتائے گا۔ استعماری مغرب سے جنم لینے والے خدا بیزار نظریے کے بعد اب کی باری خود استعمار کی باقیات کی ہے۔ اور مستقبل اسلام کا ہے، چاہے آج کے بونے خوشی سے قبول کریں یا ذلت کے ساتھ۔
غبارِ رہ گزر ہیں، کیمیا پر ناز تھا جن کو جبینیں خاک پر رکھتے تھے جو، اِکسیر گر نکلے ہمارا نرم رو قاصد پیامِ زندگی لایا خبر دیتی تھیں جن کو بجلیاں وہ بے خبر نکلے حرم رُسوا ہُوا پیرِ حرم کی کم نگاہی سے جوانانِ تتاری کس قدر صاحب نظر نکلے
یقیں افراد کا سرمایۂ تعمیرِ مِلّت ہے یہی قوّت ہے جو صورت گرِ تقدیرِ مِلّت ہے
تشکیک کے اس دور میں استعمار کی باقیات کا سب سے بڑا حربہ خود ملامتی اور خود شکستگی ہے۔ اور ایمان یقین کی قوت کا نام ہے، اور ایمان ہی اسلام کی بنیاد ہے۔ اور اقبال نے اسے ہی ملت کی تقدیر کی قوت کہا ہے۔
اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1496161816476590089
