یہ جواب دراصل ڈاکٹر شمع جونیجو کی اس پوسٹ پر ہے جہاں انہوں نے سہیل وڑائچ صاحب کے کالم کے عنوان پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ عطائی ہی درست املا ہے اور لفظ عطا سے نکلا ہے۔ اس پر راقم نے X پر جو کچھ لکھا تھا وہ یہاں بھی آرشیو کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
دعویٰ یہ ہے:
لغت اور علمِ لسانیات میں عطائی ہی درست املا ہے۔ یہ لفظ عطا سے مشتق ہے اور اس شخص کے لیے استعمال ہوتا ہے جس کے پاس کسی فن، خصوصاً طب، کی باقاعدہ علمی یا پیشہ ورانہ سند نہ ہو مگر وہ اس کا دعویٰ یا عمل کرے۔ اتائی اس لفظ کا مستند املا نہیں۔
عطائی کسی بھی لسانیات، روز مرہ، اور صرف کی رو سے عطا سے مشتق نہیں ہو سکتا۔
تکنیکی بحث نیچے ہے مگر اُسے ایک طرف رکھیں تو بھی عطا سے نکلا ہے تو کس کی عطا؟
تمام معتبر اساتذہ نے اتائی ہی متحقق کیا ہے۔ اور یہ ہندی / سنسکرت الاصل ہے، اور اس کی پوری تاریخ ہے۔
عطاء سے فاعل نہیں بنتا
اصل عربی جڑ ع۔ط۔و ہے، ع-ط-ا نہیں؛ عَطا یَعْطُو، باب افعال میں أعطیٰ یُعْطی، اور اسی سے عَطاء، عَطِیَّہ، اِعطا، مُعطی، عطیات۔ قرآنی استعمال بھی موجود ہے: «عطاءً حساباً»۔ یہ اصل مادہ ہے اور اس کی صحت پر کوئی سوال نہیں؛ اردو میں بھی یہ لفظ پوری طرح مستعمل، فصیح اور معروف ہے۔ اس میں کہیں بھی عطائی فاعل نہیں، نہ کوئی عربی میں ہی ایسی کوئی تاریخ ہے اس لفظ کی۔
اور پھر تاریخ ہو بھی تو صرفی اعتبار سے عَطاء سے عَطاوی بنانا ممکن ہے، جو بگڑ کر عطائی بنے گا۔ لیکن عربی میں یہ صرف اسمِ علم کی نسبت کے طور پر چلتا ہے، مثلاً ابن عطاء اللہ السکندری کی طرف منسوب سلسلۂ عطائیہ۔ «بے استاد، اناڑی، نیم حکیم» کے مفہوم میں عربی لغات میں یہ نسبت کہیں نہیں ملتی جیسے باقی نظائر معروف ہیں: سَماء سے سَماوی، کِساء سے کِسائی (امام الکِسائی)، بَناء سے بِنائی۔
پھر عَطاء میں یاءِ نسبتی اشتقاق نہیں کرتی، صرف انتساب کرتی ہے۔ عطائی کا لازمی مفہوم «منسوب الی العطاء» ہے، یعنی بخشش سے متعلق۔ عربی صرف میں کوئی ایسا صیغہ نہیں جو اسمِ معنی کو الٹ کر فاعلِ ناقص (بے استاد، اناڑی) بنا دے۔ یہ معنی سلبی ہے اور نسبت سلب پیدا نہیں کرتی۔
اسی طرح عربی لغات میں عطائی بمعنی غیر تربیت یافتہ یا نیم حکیم کا اندراج سرے سے نہیں۔ عرب اس مفہوم کے لیے مُتَطَبِّب یا دَعِیّ استعمال کرتے ہیں۔ قیاس کی گنجائش ہو بھی تو سماع کے بغیر لفظ وضع نہیں ہوتا۔ اور عطائی کی کوئی روایت یا روزمرہ کسی زبان میں نہیں ملتا۔
اس لیے عطائی سماعاً معدوم اور معنیً محال ہے۔
اتائی خود آموز ہے
اتائی کے متعلق سب سے مستند یہی معلوم ہوتا ہے کہ یہ سنسکرت کے دو الفاظ آتم (اپنا) اور ادھیت (پڑھنا، سیکھنا) سے اشتقاق ہوا، یعنی خود آموز۔ اس کے اصل معنی خود سیکھنے والا ساز نواز یا گویّا کے ہیں، جس نے باقاعدہ تربیت نہ لی ہو؛ بعد میں یہ نیم حکیم اور اناڑی تک پھیل گیا۔ مستند لغات سب اسے ہندی الاصل قرار دیتی ہیں۔ اصل تقابل کلاونت (خاندانی، سلسلۂ استادی سے تربیت یافتہ) بمقابلہ اتائی (بغیر سلسلے کے) کا ہے، جو موسیقی کی اصطلاح سے چل کر حکمت اور روزمرہ میں آیا۔
اردو لغت بورڈ والوں نے بعد میں تصحیح کی کوشش کی مگر کسی صرف نحو پڑھے عالم سے مشورہ کیا ہوتا تو عطاء کا مسئلہ ہی نہ بنتا۔
