ورعِ صادق

امام ابن الجوزی کی کتاب «صفة الصفوة» (اکابرین کی صفات) اور ابو نعیم اصفہانی کی «حلیۃ الاولیاء» کے واقعات بندہ ہلا دینے والے ہیں۔

امام احمد ابن حنبل کے پاس ایک عورت آئی، کہنے لگی: اے ابو عبداللہ، میں ایک عورت ہوں جو شمع کی روشنی میں (کپڑا بنانے کے لیے) کاتنے کا کام کرتی ہوں۔ ایسا بھی ہوتا ہے کہ رات کے وقت سپاہی گزرتے ہیں جن کے ہاتھ میں سلطان (حکومت) کی مشعل ہوتی ہے۔ کیا میرا اُن کی آگ (حکومتی مشعل) کی روشنی میں کاتنا میرے لیے جائز ہے؟

ابن حنبل یہ سُن کر رونے لگے اور پوچھا: «تم کون ہو؟»

اس نے کہا: میں بشر حافی کی بہن ہوں۔

(بشر حافی اکابر ترین صوفیا میں سے تھے۔ پابند شریعت، خود بھی ایک بلند پایہ عالم تھے، ابن تیمیہ نے اُن صوفیا میں شمار کیا ہے جو اہل سنت تھے گو ان کی توبہ امام کاظم کے ہاتھوں ہوئی۔ محدثین کے بہت قریب تھے، وفات پر ابن حنبل نے کہا کہ «انہوں نے اپنا جیسا کوئی نہیں چھوڑا»۔)

ابن حنبل نے جواب دیا: یہ ورعِ صادق (تقویٰ کی وہ حالت جس میں انسان شک میں ڈالنے والی چیزوں سے بھی اجتناب کرتا ہے) تمہیں تمہارے گھر سے ملا ہے۔ تم اُس روشنی میں کاتنے کا کام نہ کرو۔

امام صاحب کا رونا، بشر حافی کی ہمشیرہ کا شک میں ڈالنے والی چیز سے اجتناب، اور پھر امام صاحب کا سوال کرنے والے کے احوال پر فتویٰ۔ یہ زمانوں سے اب مفقود ہے۔ اب تو ایسے احوال والے کسی فرد کا تصور بھی محال ہے۔ اور فتویٰ اب عمومی ملتا ہے اور وہ بھی رخصت کا، حالانکہ حکومت کی مشعل کی روشنی میں کاتنا جائز ہونا عمومی ہے۔

تقویٰ کی تین سطحیں

تقویٰ (ورع) کی ۳ سطحیں ہیں:

  1. حرام سے بچنا
  2. شبہات کو ترک کرنا
  3. بعض مباح چیزوں کو بھی شبہات میں ڈلنے کے خوف سے چھوڑنا

اکابر صوفیا اور سلف کا تو یہ مسلک تھا، اور اب ہم کس عہد کے قیدی ہیں۔

اللهم ارزقنا قلوبا كلما نبضت ارتقت

License

Author: Munim, A.

Link: https://abdulmun.im/posts/wara-e-sadiq/

License: CC BY-NC-SA 4.0

This work is licensed under a Creative Commons Attribution-NonCommercial-ShareAlike 4.0 International License. Please attribute the source, use non-commercially, and maintain the same license.