ابو الحسن، جہانگیر شاہ عباس کا استقبال کرتے ہوئے، تقریباً ۱۶۱۸ء۔ فریئر گیلری۔ پبلک ڈومین۔ طالب آملی اسی دربار کا ملک الشعراء تھا۔
ابو الحسن، جہانگیر شاہ عباس کا استقبال کرتے ہوئے، تقریباً ۱۶۱۸ء۔ فریئر گیلری۔ پبلک ڈومین۔ طالب آملی اسی دربار کا ملک الشعراء تھا۔

طالب آملی ایک عجیب شاعر تھا۔ سبک ہندی کے سب سے بڑے شعرا میں سے ایک، مگر عین جوانی میں دنیا سے چلا گیا۔ تزکِ جہانگیری میں درج ہے کہ اسے ملک الشعراء کا خطاب بیس سال کی عمر میں ملا تھا۔ ستائیس سال کی عمر میں انتقال بھی ہو گیا۔

مغل دربار کا سب سے بڑا خطاب لینے سے پہلے طالب آملی ایران میں اپنا لوہا منوا چکا تھا۔ یہاں تک کہ غازی خان ترخان جیسے بڑے مغل حاکم اور شاعر، اور مرو کے حاکم ملکِش خان سے اس کا تعلق آٹھ نو برس کی عمر میں ہو چکا تھا، اور ان پر اپنی دھاک بٹھا چکا تھا۔

گو کچھ نے تحقیق سے یہ قیاس کیا ہے کہ عمر زیادہ رہی ہو گی، اور رقم کرتے یا حساب لگاتے غلطی ہوئی ہے۔ بہرحال ان کے حساب سے بھی طالب آملی ایک غیر معمولی شاعر ہی بنتا ہے۔ سولہ برس کی عمر تک طالب نے ہندسہ، منطق، ہیئت، فلسفہ، تصوف، اور خوشنویسی میں سنداً کمال حاصل کر لیا تھا، مگر طبیعت شاعری میں مقید تھی تو اسے ہی ذریعۂ عزت ٹھہرایا۔

شاہجہاں کا قطعہ

شاہجہاں جب تخت پر بیٹھا تو یہ قطعہ کہا، اور شاہجہاں نے بارہ ہزار روپے انعام سے نواز دیا!

بادشاہِ زمانہ، شاہِ جہاں خرم و شاد و کامران باشد بہرِ سالِ جلوسِ او گفتم در جہاں باد تا جہاں باشد

بادشاہِ زمانہ، شاہ جہاں، خرم و آباد اور کامیاب ہو۔ تاج پوشی کے سال وہ مجھے کہتا ہے: جہاں میں ہے تو شاہجہاں تک ہے۔

اس میں استادی کا جواب نہیں۔ شاہجہاں کے نام کا کیا استعمال کیا ہے۔

طالب کی بہن ستی النساء بھی ایک باکمال عورت تھی۔ ادب شناس تو تھی ہی، مگر طب اور فنِ قرأت میں ماہر ہونے کے ساتھ شاہی امورِ خانہ داری میں بھی ماہر تھی، اور بعد میں شاہی محل کی مدار المہام مقرر کر دی گئی تھی۔

لاہور

طالب معاش سے مجبور ہو کر ہندوستان آیا تھا، اور جہانگیر کے دربار سے کسی نہ کسی طرح منسلک ہو گیا، اور پھر اس کے ساتھ جگہ جگہ کی سیر بھی کی۔ ہندوستان سے اسے خاص انس تو تھا ہی، اور شعروں میں کہتا بھی ہے کہ روئے زمین پر ہنر اور سخا اور سخن کا منبع اور مرکز ہندوستان ہی ہے، اور یہاں ہی تمام بلبلِ غزل سرا ہیں۔ مگر اسے لاہور کا خاص اشتیاق اور ذوق تھا۔ شعر بھی کہا کہ:

چہ خوش حالم کہ بعد از مدتِ یک سالہ مہجوری خوش و خوش وقت او را دیدم و لاہور را دیدم

کیسا خوش حال ہوں کہ جدائی کا ایک سال گزار کر، خوشی اور خوشی کے وقت میں نے اسے دیکھا اور لاہور کو دیکھا۔

طالب کو گجرات اور کشمیر بھی اچھے لگے، اور ان پر بھی غزل اور اشعار کہے، بالخصوص کشمیر والی غزل بہت مزیدار ہے۔

طالب کی امرا وغیرہ نے قدر دانی تو کی ہی، مگر کچھ کی خود طالب نے سراہا ہے، جن میں ایک بڑا نام ایک اور سبک ہندی کے عظیم شاعر عرفی شیرازی کا ہے۔

بہ خاکِ عرفی اگر طالب ایں غزل خواند ز تربتش ہمہ گلہای آفرین روید

عرفی کی خاک کو طالب اگر یہ غزل سنائی جائے، داد کے تمام پھول اس کی قبر پر ہی نظر آئیں۔

ورنہ طالب نے انوری، سعدی، سنائی، عمر خیام، خاقانی وغیرہ کو کسی کھاتے میں نہیں لکھا۔ ایک جگہ خود کو معجزاتِ کلام کا پیامبر کہا!

طالب بہت پُر گو، یا کثیر الکلام، سے پہلے ہی چونکہ چل بسا تھا، مگر پھر بھی اس کے اشعار کی تعداد لگ بھگ پندرہ ہزار ہے، اور شاید اب تک باقاعدہ دیوان غیر مطبوعہ ہی ہے۔

زندگی کے شروع اور آخر کے ایام کے متعلق بہت کم معلومات موجود ہیں۔ بس یہ ضرور ہے کہ ہندوستان میں نام اور دولت کمانے کے بعد ایران واپس لوٹ گیا، مشہد کی زیارت کی، اور پھر آمل اپنے وطن چلا گیا، اور وہیں وفات ہوئی۔

یہ بس ایسے ہی بے ربط سے خیالات طالب آملی پر لکھ دیے کہ آپ احباب کو بھی آگاہی ہو۔

اب محسوس کیا ہے کہ کچھ بنیادی معلومات کی کمی ہے۔ طالب آملی اصلاً اور نسلاً ایرانی تھے۔ جہانگیر کے دور میں ہندوستان آئے، اور اس دور کے رواج کے مطابق اپنی فنی صلاحیت سے ہندوستان کے سب سے بڑے شاعر، «ملک الشعراء»، کا خطاب جہانگیر سے حاصل کیا۔

ملک الشعراء، زبان و ادب سے لے کر سلطنت کی شعریت درست کرنے اور رکھنے کا ذمہ دار تھا۔ مغل شہنشاہ بہت قدردان بھی تھے اہلِ فن کے۔

جہانگیر کے بعد طالب آملی شاہجہاں کے ساتھ منسلک رہا، اور اس کے بعد شاہجہاں کا ملک الشعراء ابو طالب کلیم کاشانی ہوا، جسے شاہجہاں نے سونے میں تول کر یہ خطاب اور خلعت سے نوازا!

کاشانی پر بھی کبھی شاید لکھوں۔ بہت بلا کا شاعر ہے وہ بھی۔

بہرحال مجھے اپنی روایت کے یہ اساتذۂ فن اپنی تہذیب سے محبت کے باعث بہت محبوب ہیں۔ بس اسی لیے کبھی تذکرہ کر دیتا ہوں۔

اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1457152126946353154

License

Author: Munim, A.

Link: https://abdulmun.im/posts/talib-amuli/

License: CC BY-NC-SA 4.0

This work is licensed under a Creative Commons Attribution-NonCommercial-ShareAlike 4.0 International License. Please attribute the source, use non-commercially, and maintain the same license.