محمد صادق بک، کعبہ، تقریباً ۱۸۸۰ء۔ خلیلی کلیکشن۔ CC BY-SA 3.0۔
محمد صادق بک، کعبہ، تقریباً ۱۸۸۰ء۔ خلیلی کلیکشن۔ CC BY-SA 3.0۔

تبع تابعین میں سے ایک شخص نے حضرتِ سفیان ثوری سے کہا: «صحابہؓ اور ہماری کیا نسبت ہے؟»

فرمایا: «اگر تم ان کو دیکھتے تو دیوانہ سمجھتے، اور اگر وہ تم کو دیکھیں تو کافر و منافق سمجھیں، اور تمہارے سلام کا جواب دینے کے روادار نہ ہوں۔»

بے جھجھک نصیحت

سفیان ثوری بہت دھڑلے والے تھے۔ بے جھجھک عباسی خلفاء کے پاس جاتے اور نصیحت کرتے۔ حالانکہ ایک فقیہ اور محدث تھے، مگر مزاج میں مجاہدانہ بے باکی تھی۔ امام ابو حنیفہ اور امام مالک پر منصور اور مہدی وغیرہ کا تشدد معلوم اور عام تھا، مگر پھر بھی یہ جا کر انہیں نصیحت کرتے، اور سخت کرتے۔

ہمارے ہاں تو زوال اس نوعیت کا ہے کہ اب علماء کہتے ہیں کہ حکمران کو نصیحت نہ کرو، بلکہ ساتھ ملا لو، یا اس پر کچھ نہ کچھ اثر انداز ہو جاؤ، اور اس کے لیے چاہے تو تعریفیں کرو۔ سفیان ثوری مگر اور مزاج کے تھے۔

ایک بار منصور سے مسجد حرام میں مڈبھیڑ ہو گئی۔ اس نے ان کا ہاتھ پکڑا اور کعبہ کی طرف ان کا رخ کر کے کہا کہ: قسم ہے اس عمارت کی، مجھے آپ نے کیسا آدمی پایا؟ سفیان ثوری نے بلا تأمل جرأت سے فرمایا کہ: کعبہ کے رب کی قسم! میں نے تجھ سے بدترین آدمی نہیں پایا۔

ایک بار حج کے موقع پر منصور کو ہی نصیحت کرنے گئے تو اس نے اپنے قریب بلا کر بٹھانا چاہا۔ مگر قریب جانے کے بجائے فرمایا کہ میں اس چیز پر کیسے قدم رکھ سکتا ہوں جو نہ میری ملکیت ہے اور نہ آپ کی۔ منصور نے غلام کو حکم دیا کہ قالین و فرش اٹھا دے۔ سفیان آگے بڑھے اور منصور کے روبرو زمین پر بیٹھ گئے، اور بیٹھتے ہوئے یہ آیت پڑھی:

مِنْهَا خَلَقْنَاكُمْ وَفِيهَا نُعِيدُكُمْ وَمِنْهَا نُخْرِجُكُمْ تَارَةً أُخْرَىٰ

اسی زمین سے ہم نے تمہیں پیدا کیا تھا؛ اسی میں ہم تمہیں واپس لے جائیں گے، اور اسی سے ایک مرتبہ پھر تمہیں نکال لائیں گے۔

سفیان ثوری نے بغیر اجازت طلب کیے اس کو مزید نصیحت شروع کر دی، اور لہجہ اس قدر تیز ہو گیا کہ منصور کے حاجب نے کہا: اے شخص! تیری جان کی خیر نہیں ہے۔ مگر انہوں نے اس کی کوئی پرواہ نہیں کی، اور اپنی گفتگو جاری رکھی۔

روپوشی

اس کے علاوہ بھی وہ ان عباسی خلفا پر شدید سخت تنقیدیں کرتے تھے۔ یہاں تک کہ منصور نے قتل کا حکم دیا، اور اس پر عمل درآمد سے پہلے وہ خود فوت ہو گیا۔ کچھ نے یہ تک کہا ہے کہ چونکہ مکہ میں سفیان ثوری روپوش تھے اور منصور خود مکہ آ رہا تھا، اور اس کے مقاصد میں سفیان ثوری کی پھانسی بھی تھی، مگر فضیل بن عیاض اور امام ابن عیینہ نے کہا کہ اگر منصور کامیاب ہوا تو لوگ ہم پر ہنسیں گے، تو سفیان ثوری نے کعبہ میں دعا کی کہ منصور کعبہ میں داخل نہ ہونے پائے، اور واقعی منصور کا انتقال راستے میں ہو گیا۔

خیر، اس سے ہٹ کر ان کی شجاعت معلوم حقیقت ہے۔ منصور کے بعد مہدی سے بھی ان کا ایسا ہی واسطہ رہتا تھا۔ اس کے دربار میں جا کر سخت نصیحت کرتے، اور اس کے وزیروں کو اس کے منہ پر جھوٹا کہتے۔ اور شانِ بے نیازی ایسی تھی کہ مہدی نے تنگ آ کر کہہ دیا کہ سفیان ثوری کے علاوہ ہر شخص محفوظ ہے۔ چنانچہ سفیان ثوری کچھ عرصہ مکہ میں ہی روپوش رہے، اور پھر بصرہ چلے گئے، اور وہیں روپوشی میں ۷۷۸ء انتقال ہوا۔ کہا کرتے تھے کہ خراسان میں اذان دینا، مکہ میں مجاورت سے زیادہ افضل ہے۔

پہلی اور دوسری صدی ہجری کے بزرگوں کے حالات اور آثار پڑھنا بہت ضروری ہے۔

اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1476271423131901958

License

Author: Munim, A.

Link: https://abdulmun.im/posts/sufyan-sauri/

License: CC BY-NC-SA 4.0

This work is licensed under a Creative Commons Attribution-NonCommercial-ShareAlike 4.0 International License. Please attribute the source, use non-commercially, and maintain the same license.