اقتباس از خطبۂ نکاح، ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی۔
اس سے آگے کی بات یہ ہے کہ آج کل ہمارے سماج میں دوشیزائیں بیٹھی رہتی ہیں، ان کے رشتے نہیں مل پاتے۔ اللہ کے رسول ﷺ اور صحابہؓ کے زمانے میں مطلقہ یا بیوہ عورت گھر میں بیٹھی رہے، اس کا کوئی تصور نہیں تھا۔ ایک عورت کی کسی وجہ سے طلاق ہو گئی ہو، یا وہ بیوہ ہو گئی ہو، تو اس کی دوسری شادی ہو جاتی تھی، تیسری شادی ہو جاتی تھی، چوتھی شادی ہو جاتی تھی۔ عمر کے کم یا زیادہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا تھا۔ کم عمر لڑکیوں کی شادی بڑی عمر کے مردوں سے ہو جاتی تھی، اور زیادہ عمر کی عورتوں کی شادی نو عمر لڑکوں سے ہو جاتی تھی۔ اس معاملے میں کوئی روک ٹوک اور دشواری نہیں تھی۔
زوجۃ الشهداء
ایک خاتون تھیں حضرت عاتکہ بنت زیدؓ۔ حضرت ابو بکرؓ کے بیٹے عبداللہؓ سے ان کا نکاح ہوا۔ غزوۂ طائف میں وہ شہید ہو گئے تو حضرت زید بن الخطابؓ نے ان سے نکاح کر لیا۔ وہ شہید ہو گئے تو حضرت عمر فاروقؓ نے ان سے نکاح کیا۔ وہ شہید ہو گئے تو حضرت زبیر بن العوامؓ نے ان سے نکاح کیا۔ وہ شہید ہو گئے تو حضرت حسن بن علیؓ نے ان سے نکاح کر لیا۔ اس طرح سے ان کا لقب «زوجۃ الشهداء»، شہیدوں کی بیوی، پڑ گیا تھا۔ (الاستیعاب لابن عبدالبر)
حضرت اسماء بنت عمیسؓ حضرت جعفر بن ابی طالبؓ کی بیوی تھیں۔ وہ جنگِ مؤتہ میں شہید ہوئے تو حضرت ابو بکرؓ نے ان سے نکاح کر لیا، حضرت ابو بکرؓ کی وفات ہوئی تو حضرت علیؓ نے ان سے نکاح کیا۔ (اسد الغابہ)
حضرت فاطمہ بنت قیسؓ بہت مشہور صحابیہ ہیں۔ ان کے شوہر نے ان کو طلاق دے دی تو ان کے پاس تین رشتے آ گئے۔ وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں پہنچیں اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول ﷺ! میرے پاس فلاں فلاں رشتے آئے ہیں، بتائیے، ان میں سے کون سا رشتہ میرے لیے بہتر ہوگا؟
حضور ﷺ نے فرمایا: اگر مجھ سے رائے لیتی ہو تو تم ان کے بجائے اسامہ بن زیدؓ سے نکاح کر لو۔ چنانچہ انہوں نے حضرت اسامہؓ سے نکاح کر لیا۔ وہ خود بیان کرتی ہیں کہ میرا یہ رشتہ بہت بابرکت ثابت ہوا۔ حضرت فاطمہؓ کی عمر زیادہ تھی، ان کے مقابلے میں حضرت اسامہؓ کی عمر کم تھی۔ دونوں کی عمروں میں کافی تفاوت تھا، لیکن انہوں نے خوشگوار ازدواجی زندگی گزاری۔
رائے، مہر، ولیمہ
اسلام میں عورت کو آزادی دی گئی ہے کہ وہ جس کو چاہے پسند کرے۔ اسے کھل کر اپنی خواہش کے اظہار کی آزادی ہے۔ ایک لڑکی اللہ کے رسول ﷺ کی خدمت میں آتی ہے اور کہتی ہے: اے اللہ کے رسول ﷺ! میرے باپ نے میرا رشتہ اپنے بھتیجے کے ساتھ طے کر دیا ہے، مجھے یہ رشتہ پسند نہیں ہے۔ حضور ﷺ نے فرمایا: اگر تم نہیں چاہتی ہو تو تمہارا یہ رشتہ نہیں ہو سکتا۔ وہ لڑکی فوراً بول اٹھی: «مجھے یہ رشتہ منظور ہے۔ میں تو صرف یہ دکھانا چاہتی تھی کہ اسلام میں خواتین کو اپنی رائے کے اظہار کرنے کی کہاں تک آزادی ہے۔ آپ نے میرا حق تسلیم کر لیا، اب میں یہ رشتہ قبول کرتی ہوں۔» (نسائی: ۳۲۶۹، احمد: ۲۵۰۴۳)
اسلام میں جہیز کا کوئی تصور نہیں ہے۔ آپ کو یہ سن کر حیرت ہوگی کہ عربی زبان میں جہیز کے لیے کوئی لفظ ہے ہی نہیں۔ عہدِ نبوی میں جتنی شادیاں ہوئی ہیں، کسی میں بھی جہیز کا کوئی تذکرہ نہیں آتا۔ میں نہیں سمجھتا کہ کسی شادی میں کسی باپ نے اپنی بیٹی کو کچھ نہیں دیا ہوگا۔ ضرور دیا ہوگا، لیکن وہ جہیز کی شکل میں نہیں تھا۔
اللہ کے رسول ﷺ کی ہر بیوی کا مہر پانچ سو درہم تھا۔ یہی مہر حضرت فاطمہؓ کا بھی تھا۔ حالانکہ حضرت علیؓ شروع ہی سے آپ ﷺ کے پروردہ تھے، آپ ﷺ کے ساتھ رہتے تھے۔ جب نکاح کا موقع آیا تو آپ ﷺ نے ان سے پوچھا: تمہارے پاس کیا ہے؟ انہوں نے جواب دیا: میری ذاتی ملکیت میں کچھ نہیں ہے۔ میں تو شروع ہی سے آپ کے ساتھ رہا ہوں، میرے پاس اپنا کچھ نہیں ہے۔ حضور ﷺ نے فرمایا: تمہارے پاس جو زرہ ہے اسے بیچ لاؤ۔ انہوں نے زرہ بیچی۔ اس سے جو پیسے وصول ہوئے اس سے آپ ﷺ نے گھر گرہستی کا سامان خریدوایا، اور اسی سے مہر ادا کروایا۔ (السیرۃ النبویۃ لابن کثیر)
عہدِ نبوی میں ہونے والی شادیوں میں بارات کا کوئی تصور نہیں تھا۔ حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ کا شمار مدینہ کے انتہائی مالداروں میں ہوتا تھا۔ اس کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ انتقال کے وقت انہوں نے جو سونا چھوڑا تھا اسے کلہاڑی سے کاٹ کاٹ کر ان کے ورثے میں تقسیم کیا گیا تھا۔
ان کا جب نکاح ہوا تو انہوں نے اللہ کے رسول ﷺ کو بھی بلانے کی ضرورت نہیں سمجھی۔ بعد میں جب آپ ﷺ کو معلوم ہوا تو آپ ﷺ نے ان سے فرمایا: اے عبدالرحمن! ولیمہ کرو، چاہے اس میں ایک بکری ہی ذبح کرو۔ (بخاری: ۲۰۴۸، مسلم: ۱۴۲۷) ہم غور کریں، اللہ کے رسول ﷺ کی ذات کتنی بابرکت اور محترم تھی۔ ایک چھوٹی بستی میں نکاح کی مجلس ہوتی ہے، لیکن آپ ﷺ کو بلانے کی ضرورت محسوس نہیں کی جاتی۔
اب تک میں نے جتنے بھی شادی وغیرہ کے معاملات دیکھے ہیں۔ والدین کا سب سے بڑا مسئلہ یہی پایا ہے کہ «اب یہ ہمیں اسلام سکھائیں گے»۔ نتیجہ میں کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آتا!
اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1477199983526952962
