استاد سجاد خالد کا کتبہ: نظیری کا وہ شعر جس سے سلسلہ شروع ہوا تھا۔
استاد سجاد خالد کا کتبہ: نظیری کا وہ شعر جس سے سلسلہ شروع ہوا تھا۔

آج مخدومی جناب استاد سجاد خالد کا ایک کتبہ دوبارہ نظر سے گزرا تو سوچا نظیری پر کچھ لکھا جائے:

آگہ نئی کہ در چہ نفس سود عمر تست از ہر نفس اگر نہ عیاری گرفتہ ای

پھر تجھے نہ ہو کہ تیری عمر کا نفع کس نفس میں ہے۔ ہر نفس کے ساتھ اگر مہارت نہ حاصل کرے۔

نظیری کا شعر، استاد سجاد خالد کا کتبہ

مغل دور میں سب سے اہم درباری، جس کی وجہ سے سینکڑوں نام جو ایران سے ہندوستان آئے اور ادھر وطن کیا اور تاریخ میں معروف ہوئے، وہ عبدالرحیم خانخاناں تھا۔ بہرحال موضوع فی الحال نظیری نیشاپوری ہے۔ ایران سے ہندوستان آیا تو کئی عرصہ خانخاناں نے ہی مصاحب رکھا، کیونکہ اکبر کے دربار میں فیضی وغیرہ کی موجودگی زیادہ جگہ نہیں بنا سکی تھی۔ حج بھی خانخاناں کے توسط سے کیا۔ بہرحال اکبر کے بعد جہانگیر نے خود طلب کیا، اور پھر خوب نوازتا رہا۔ آخری عمر میں دینی علوم، عربی، حدیث اور تفسیر کی طرف مائل ہو گیا، اس کی باقاعدہ تحصیل کی، اور گوشہ نشینی میں انتقال کیا۔

جہانگیر نے تزک میں اس کا پیشہ تجارت بتایا ہے۔ یہ زرگری میں کمال تھا اور اسی کی تجارت بھی کرتا تھا۔ شاعری میں بھی ایک بہت ہی بلند نام تھا۔ خود جہانگیر نے ایک کتابہ کے بدلے تین ہزار بیگہ (۳۷۵ ایکڑ) زمین اس کے نام کر دی تھی۔ تو یہ ایک خاصا مالدار شاعر اور تاجر تھا، اور امرا میں اس کا شمار ہوتا تھا۔ مگر مزاج میں مداحی رچی بسی تھی۔ یہاں تک کہ جہانگیر نے بلایا تو جا کر تین مہینے اس کا انتظار کرتا رہا، کیونکہ جہانگیر شکار میں مصروف تھا، اور یہ اس کے بلاوے کو قرآن شریف کہتا تھا۔

اس زمانے میں ایک نظیر نام کا شاعر تھا۔ نظیری نے اس کو لکھا کہ اپنا تخلص بدل لو۔ حالانکہ «ی» زائد اس کے نام میں تھی تو سرقے کا الزام بھی اس پر ہی آتا۔ نظیر نہ مانا۔ بالآخر نظیری نے اس ایک زائد حرف «ی» کے عوض دس ہزار روپے دیے تو نظیر نے اپنا تخلص بدلا۔

ایک بار نظیری خانخاناں سے کہنے لگا کہ یہ ایک لاکھ روپے کتنے ہوتے ہوں گے؟! اگر ڈھیر ڈالا جائے تو کتنا ہو گا، میں نے آج تک ایک لاکھ روپے نہیں دیکھے۔ تو خانخاناں نے منگوا کر ایک لاکھ سامنے رکھوا دیا۔ تو نظیری نے کہا کہ خدا کا شکر ہے، آپ کی بدولت ایک لاکھ روپے تو دیکھ لیے۔ بہرحال خانخاناں نے وہ روپے اس کے گھر بھیجوا دیے۔

جدت، مگر تکلف میں

اس سب کے ساتھ نظیری باقی شعرا کے برعکس خاصا مذہبی تھا، اور اکبر کے دربار میں جو کچھ ہو رہا تھا اس پر کڑھتا تھا، بلکہ ابو الفضل وغیرہ پر جملہ بازی بھی خاصی کی اس نے۔

نظیری کا اصل کارنامہ اس کی جدت پسند طبیعت تھی۔ مگر یہ جدت تکلف میں تھی۔ جس قدر نئے الفاظ، روزمرہ، محاورات اور تراکیب نظیری نے زبانِ فارسی کو دیے ہیں شاید ہی کسی اور نے عطا کیے ہوں۔ کرشمہ، ناز، غمزہ، ادا، از شیر باز شدن، بخواب گرفتن، بر سرِ پرواز، نسخہ برداشتن، وغیرہ وغیرہ۔ نظیری کے کئی صدیوں بعد بیدل وہ شاعر ہیں جن کی تراکیب اردو شعرا نے اس کثرت سے لی ہوں، اور اس میں بھی زیادہ حصہ اقبال اور غالب جیسے شعرا کا ہے جو خود جدت پسند تھے۔

نظیری کی کچھ تراکیب تو ایسی جامع ہیں کہ اردو کے دامن میں شاید نہ سما سکیں۔ اس سب کے باوجود کچھ وجوہات ایسی ہیں کہ نظیری اپنی تمام استادی کے باوجود ملک الشعرا نہ ہوا۔ اکبر کے دور میں تو فیضیؔ ملک الشعرا رہا، پھر جہانگیر کے دور میں طالب آملی ملک الشعرا ہو گیا۔

چنان وقتِ شکایت از نگاہش مضطرب گشتم کہ مضمونِ سخن صد بار از دل تا زبان گم شد

جیسے وقتِ شکایت اس کی نگاہ سے اضطراب کا شکار ہو گیا ہوں، کہ کہنے کے لیے بات سینکڑوں بار دل سے زبان تک آ کر گم ہو گئی۔

شرم از میان برخاستہ، مہر از دہان برداشتہ گفتارِ بے ترسش ببین، رفتارِ بے باکش نگر قصدِ فریبی می‌کند، سوی غزالی می‌چمد آں چشمِ آہوگیر را باز زلفِ پیچانش نگر

شرم بیچ سے اٹھ گئی، الفت منہ سے نکل گئی۔ اس کی بے جھجھک گفتگو دیکھو، اس کے اطوار بیباکانہ دیکھو۔ فریب کا ارادہ رکھتا ہوں، محبوبِ حسین کی طرف باافتخار جاتا ہوں۔ وہ شکار کرتی آنکھیں، وہ زلفِ پیچ دار کا کھلنا دیکھو۔

شماری تا سحر دستم بہ زلفِ درہمی دارد گریبانم، گریبان است و، دامن، دامن است امشب

صبح تک میرا ہاتھ زلفِ پیچیداں پر ہی مصروف رہا۔ میرا گریبان، گریبان رہا اور دامن دامن رہا آج کی شب۔

یعنی آج کی شب میرا جنون کہیں اور مصروف رہا اور میں گریبان اور دامن کو نہ پھاڑ سکا۔ تو گریبان گریبان رہا اور دامن، دامن۔ دامن اور گریبان کو دو بار ادا کر کے پورا مفہوم بیان کرنا بھی کیا انداز ہے۔

خواہی کہ بہ تو بیش شود شوقِ «نظیری» از پیشِ خودش گاہ بران گاہ نگہ دار

اگر چاہتے ہو کہ تمہارے لیے نظیری کا اشتیاق مزید بڑھے، کبھی اس کی نگاہ سے گرا دیا، کبھی اس پر التفات کی نگاہ ڈال دی۔

دو نیم گشتہ دل از کفر و دین نمی‌دانم کزیں دو پارۂ دل آید ترا بکار کدام

دل دو ٹکڑے ہو گیا ہے، کفر و دین کو میں نہیں جانتا، کہ اس دو پارہ دل آنے سے تیرا کیا کام ہے۔

اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1468350372121088013

License

Author: Munim, A.

Link: https://abdulmun.im/posts/naziri-nishapuri/

License: CC BY-NC-SA 4.0

This work is licensed under a Creative Commons Attribution-NonCommercial-ShareAlike 4.0 International License. Please attribute the source, use non-commercially, and maintain the same license.