جامع اموی، دمشق۔
جامع اموی، دمشق۔

ابھی ایک گفتگو میں ایک elite class، یا خوشحال طبقے، پر بات ہو رہی تھی۔ میں جب عربوں کی مختصر تاریخ لکھ رہا تھا تو رائے بنی کہ رسول اللہ ﷺ کے زمانے کے بعد کی ایک صدی کے اندر اندر ہی مسلمانوں میں بھی یہ خوشحال طبقہ پیدا ہو گیا تھا۔ قرآن نے اس طبقے کو «الملا» اور «مترفین» کہا ہے۔ اور پتا چلتا ہے کہ عذابِ الٰہی سے پہلے خدا ان کو زمین میں اقتدار دیتا ہے، اور وہ خوب اودھم مچاتے ہیں۔

بنو امیہ کے اقتدار میں عربوں کے تمام رذائل، جنہیں رسول اکرم ﷺ اور خلافتِ راشدہ کے دور میں عرب معاشرت سے طلاق ہو گئی تھی، وہ سب دوبارہ لوٹ آئے تھے۔ وہی عربی عصبیت، تفاخر، شاعری اور موسیقی کا زور۔ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش۔ امرا اور سرداروں میں دعوتوں اور ضیافتوں کا مقابلہ ہے تو آٹے کی خندقوں میں ایک دوسرے کے گھوڑے دفن کر رہے ہیں۔ اخطل، جو عیسائی شاعر تھا، عبدالملک بن مروان کے دربار میں ایسے آتا کہ گلے میں سونے کی صلیب ہوتی، اور داڑھی سے شراب کے قطرے ٹپک رہے ہوتے۔ عراق کا موسیقار حنین مدینہ آیا اور ایک مکان میں کنسرٹ کیا۔ اتنا ہجوم ہوا کہ مکان کی چھت بیٹھ گئی، اور خود حنین اس میں دب کر مر گیا۔

مگر مترفین کی ان سیاہ کاریوں کے باوجود عوام میں دورِ رسالت اور خلافتِ راشدہ کے inertia کا اثر تھا۔ پہلی صدی میں بکثرت ایسے صاحبانِ علم تھے جن کی بدولت ہی امت میں دین، حدیث، قرآن، شریعت وغیرہ اپنی بہترین حالت میں پہنچے۔ ان علما کا ذاتی کردار امت کی تاریخ میں شاید سب سے شاندار ہی ہو گا۔

فرزدق کا قصیدہ

مثلاً امام زین العابدینؒ کا عوام میں ایسا اثر تھا کہ ہشام بن عبدالملک، جو دسواں اموی بادشاہ تھا، اور عبدالملک بن مروان کا لائق ترین اور مشہور ترین بیٹا تھا، اور آخری بیٹا تھا جو بادشاہ ہوا، یہ اپنی ولی عہدی کے دور میں طواف کرنے آیا تو ہجوم کی شدت کے باعث حجرِ اسود کو بوسہ نہ دے سکا، اور ادھر بیٹھ کر انتظار کرنے لگا۔ اتنے میں امام زین العابدین آئے تو ان کے آنے کی دیر تھی کہ مجمع سب چھٹ گیا، اور انہوں نے آرام سے طواف اور استلام کیا۔ جدھر سے گزرتے، لوگ راستہ دیتے۔ ہشام نے پوچھا یہ کون ہیں؟ تو مشہور اموی شاعر فرزدق نے برجستہ امام زین العابدین کا قصیدہ کہا۔ یہ قصیدہ عربی ادب کی تاریخ کا ایک یادگار ہے، اور ابن خلکان کی تاریخ میں مکمل ملتا ہے۔ اس کا مطلع:

هَذَا الَّذِي تَعْرِفُ الْبَطْحَاءُ وَطْأَتَهُ وَالْبَيْتُ يَعْرِفُهُ وَالْحِلُّ وَالْحَرَمُ

یہ وہ ہیں جن سے بطحاء، اور جو کچھ اس میں ہے، اس کا تعارف ہے۔ اور ان کا گھرانہ معروف ہی آزادی اور حرمت سے ہے۔

امام زین العابدین کے علاوہ بھی اس صدی میں کثرت سے علما اور فضلاء تھے جن کا عوام میں گہرا اثر تھا۔ حسن مثنیٰ، سالم بن عبداللہ، محمد بن ابی بکر، سعید المسیب، عروہ بن زبیر، عطا، عکرمہ، قتادہ، امام ابو حنیفہ، امام زہری، ابن سیرین، سعید بن جبیر، حسن بصری، ہشام بن عروہ، نافع، طاوس، ابن جریج، القمہ، وغیرہ: یہ سب وہ ہیں جن سے قرآن، تفسیر، حدیث، سنت سب پہنچا۔ اور ان کی عوام میں پذیرائی تھی۔ ان میں اکثریت حکمرانوں اور مترفین کے جبر کا شکار رہی۔

اس امت میں اللہ کا یہ رحم، فضلِ رسول اکرم ﷺ کی دعا کی بدولت رہا ہے، کہ اس میں مجددین کی آمد رہی ہے۔ باقی امتوں اور شریعتوں میں ہونے والی تحریف اور زوال کو سامنے رکھیں تو یہ بہت اہم بات ہے۔

عمر بن عبدالعزیز

علمی سطح پر اس قدر اثر کے باوجود سیاسی سطح پر معاملہ بہت ہی مخدوش تھا۔ مگر امت کے پہلے مجدد کا ظہور اسی سیاسی میدان میں ہوا۔ گاہے محسوس ہوتا ہے کہ یہ مشیتِ ایزدی ہی تھی۔ کہ اگر یہ انقلاب عنانِ حکومت میں ظہور پذیر نہ ہوتا تو آنے والی صدیوں میں امت اقامتِ دین اور اس کے فریضے کو شاید بھلا ہی دیتی۔ انسان اپنی تدبیریں کرتا ہے اور اللہ اپنی۔ اور تاریخ کا ناقص ترین مطالعہ بھی اس fact کے لیے کافی ہے کہ تدبیر اللہ ہی کی چلتی ہے۔

بنو امیہ کی عسکری طاقت اس وقت کی معلوم دنیا میں سب زیادہ تھی۔ رومی اور بچی کھچی ساسانی سلطنتیں تو باقاعدہ باجگزار تھیں ہی، خود داخلی کوشش بھی ناکام رہی تھیں۔ امام حسینؓ اور عبداللہ بن زبیرؓ کی کوششیں ناکام ہو چکی تھیں۔ مگر اس سب میں پھر وہ معجزہ ہوا جسے عمر بن عبدالعزیزؒ کہا جاتا ہے۔ عجیب بات تھی کہ یہ اموی بھی تو فاروقی بھی۔ اور فاروقِ اعظمؓ سے خاندانی نسب کا یہ واقعہ بھی تاریخ میں معروف ہے۔

سیرتِ عمر بن عبدالعزیز کا مطالعہ کیا جائے تو صاف صاف نظر آتا ہے کہ خدائی منصوبہ کیسے کام کرتا ہے۔ ان شاء اللہ کسی موقع پر مختصر احوال اس کا بھی۔ مگر ایک چیز جس نے سب سے زیادہ متاثر کیا، ان کی للہیت کے بعد، وہ ان کا productivity پر فوکس تھا۔ لمبے چوڑے القابات، رسومات اور شاہی اطوار وغیرہ جو ملوکیت کا خاصا ہوتے ہیں، وہ سب ختم کر دیے، formalities کو مضموم کیا، یہاں تک کہ سرکاری ملازمین کو کہا: «قلم باریک کر دو اور چھوٹا چھوٹا لکھو، اور ایک کاغذ میں سب ضرورتیں لکھا کرو، کیونکہ مسلمانوں کی لمبی چوڑی باتوں کی ضرورت نہیں۔»

فقہاء، بالخصوص احناف، اور قاضی ابو یوسف نے بکثرت ان سے شرعی قوانین میں استنباط کیا ہے۔ پھر حدیث کی باقاعدہ تدوین کا عظیم کارنامہ بھی انہی کی مساعی کا نتیجہ ہے۔ ان کے دور میں علما و محدثین کے دائرے الگ، اور سیاسی دائرے الگ، ہو گئے تھے، وہ مل گئے، اور امت کو معلوم ہوا کہ مکمل دین کس چیز کا نام ہے۔ چونکہ خود بہت بڑے عالم تھے تو شریعت اور قانون سازی خود کرتے اور کرواتے تھے۔ بلکہ ان کا ایک گشتی فرمان تھا کہ:

اسلام کے کچھ حدود و قوانین و سنن ہیں، جو ان پر عمل کرے گا اس کے ایمان کی تکمیل ہو گی، اور جو عمل نہیں کرے گا اس کا ایمان نامکمل رہ جائے گا۔ اگر زندگی نے وفا کی، تو میں تمہیں اس کی تعلیم دوں گا، اور تمہیں ان پر چلاؤں گا۔ اگر اس سے پہلے میرا وقت آ گیا، تو میں تمہارے درمیان رہنے پر کچھ ایسا حریص بھی نہیں ہوں۔

حضرت عمر بن عبدالعزیز ایک کامل ترین مجدد تو تھے ہی، پر میرے لیے ایک بہت بڑا قانونی دماغ بھی ہیں۔

خوشحالی، پھر عبادت

اس سب کا نتیجہ یہ نکلا کہ قوم میں مترفین کا طبقہ آہستہ آہستہ ختم ہونے لگا، اور مڈل کلاس ایک دم سے اوپر آ گئی۔ ظاہر ہے اس کا اثر مجموعی معاشرے پر بھی پڑا۔ حضرت عمر کے خطوط میں جا بجا ملتا ہے کہ مملکت میں یہ خوشحالی اسلام کی بدولت تھی، اور اگر اس سے روگردانی کی گئی تو پھر حالات پہلے جیسے ہو سکتے ہیں۔ ان کے دور میں دولت کی کثرت اتنی تھی کہ افریقہ سے زکوٰۃ جمع کی گئی تو مستحقِ زکوٰۃ نہ ملا۔ یہاں تک کہ کچھ غلام خرید کر آزاد کیے گئے، اور مسلمانوں کو ان کے حقوق کا مالک بنایا۔ اس کے علاوہ بھی لوگ بڑی بڑی رقمیں زکوٰۃ کی لاتے تھے، پر مجبوراً واپس کرنا پڑتی تھیں کہ لینے والا کوئی نہیں ہوتا تھا۔

خود مترفین کا یہ حال ہو گیا کہ اسلامی مزاج خود خلیفۂ وقت کی مثال پر عمومی مزاج بن گیا، اور جو مڈل کلاس خوشحال ہو کر مترفین میں شامل ہوئی تو معاشرے کا رنگ ہی بدل گیا۔ تاریخِ طبری میں ہے کہ اس دور کے لوگ خود کہتے تھے کہ ولید بن عبدالملک عمارتوں اور architecture کا شوقین تھا، اور سلیمان کو کھانوں اور عورتوں کا شوق تھا، تو ان کے زمانوں میں مترفین کا یہی معمول تھا، اور وہ سب اسی میں ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی کوشش کرتے تھے، اور گفتگو کا موضوع بھی یہی چیزیں رہتی تھیں۔ لیکن حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کے دور میں نوافل و عبادات، ذکر، تفسیر اور تذکیر مجلسوں کا موضوع ہو گئے تھے۔ جہاں چار آدمی جمع ہوتے تو ایک دوسرے سے پوچھتے کہ رات کو تمہارا کیا پڑھنے کا معمول ہے، تم نے کتنا قرآن یاد کیا ہے، تم قرآن کب ختم کرو گے اور کب ختم کیا تھا، مہینے میں کتنے روزے رکھتے ہو۔

حضرت عمر بس جنت کے مشتاق تھے، خود بھی یہی کہتے تھے کہ سب مل گیا، اب جنت کی خواہش ہے۔ زندگی بس اسی goal کے گرد بنا لی تھی۔ اسے یاد کرتے تو نظیر قائم کر دیتے۔ ایک عالم یزید بن حوشب نے تو کہا کہ معلوم ہوتا تھا کہ جنت و دوزخ صرف حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ اور حسن بصریؒ کے لیے پیدا کی گئی ہیں۔

آج کا طبقہ

بس باتوں سے باتیں نکلتی ہیں۔ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ مترفین، یا خوشحال طبقے، کی رنگا رنگی کوئی خاص معانی نہیں رکھتی۔ یہ نقال بکنے والی چیز کا نسخہ یاد کر کے مکھی پر مکھی مارتے ہیں۔ جنرل ضیا کے دور میں اس کو نماز پڑھتے دیکھ کر اس کی خوشنودی کے لیے بغیر وضو کے جماعت میں جا شامل ہوتے تھے۔ اس لیے یہ طبقہ جدوجہد اور نظریات کی کشمکش میں زیادہ relevant نہیں۔ تاریخ میں کمزور طبقات کے عزم اور یقین سے ہی انقلابات برپا ہوئے ہیں۔ مترفین تو جدھر کی ہوا ہو ادھر جا نکلتے ہیں، اور اگر ان کے پاس اقتدار ہو تو وہ زوال اور عذاب کا پیش خیمہ ہوتا ہے۔

ان مترفین کی بنائی smoke screen سے ہٹ کر اصل کرنے کا کام اعلائے کلمۃ اللہ، اقامتِ دین، اور حکومت کی تبدیلی کا ہے۔ جو تمام اچھائیوں یا برائیوں کی جڑ ہے۔ اس طرف کی ہوا چل پڑے تو ان مترفین میں سے ہی مددگار مل جاتے ہیں، اور خود مترفین بکتی چیز اور رائج الوقت چیز دیکھ کر آ شامل ہوتے ہیں۔

اصل سلسلہ: x.com/Munimusing/status/1472675587882127361

License

Author: Munim, A.

Link: https://abdulmun.im/posts/mutrafin/

License: CC BY-NC-SA 4.0

This work is licensed under a Creative Commons Attribution-NonCommercial-ShareAlike 4.0 International License. Please attribute the source, use non-commercially, and maintain the same license.